بالی ووڈ فلموں کی کامیابی میں میوزک کا اہم کردار ہےساجد واجد

6دہائیوں میں تیار ہونیوالے گیتوں سے کئی اداکار شہرت کی بلندیوں پرپہنچے، ساجد واجد


Qaiser Iftikhar July 16, 2015
6دہائیوں میں تیار ہونیوالے گیتوں سے کئی اداکار شہرت کی بلندیوں پرپہنچے، ساجد واجد۔ فوٹو: فائل

بالی وڈ کے معروف موسیقارساجد ، واجد نے کہا ہے کہ بھارتی فلموں کی کامیابی میں سب سے زیادہ اہم کردار میوزک کا ہوتا ہے۔

اگرمیوزک پرخاص توجہ نہ دی جائے توپھربالی وڈ فلموں کے ریکارڈ بزنس کرنے کے امکانات دکھائی نہیں دیتے۔ اب تک جن فلموں نے ریکارڈ بزنس کیے ہیں اورجن کومقبول ترین فلمیں کہا جاتا ہے، ان کا میوزک تمام عمر کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے۔ ان خیالات کااظہارساجد، واجد نے گزشتہ روز ''ایکسپریس'' سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی فلم انڈسٹری نے ہمیشہ ہی فلم کے میوزک پرخاص توجہ دی ہے۔ اگرہم گزشتہ چھ دہائیوں کو دیکھیں توایک سے ایک بڑھ کر گیت تیارکیا گیا جو آج بھی ماضی کی طرح مقبول ہے اوران گیتوں نے فلم کی کامیابی میں بہت اہم کردارادا کیا بلکہ بہت سے ہیرواورہیروئن توانہی گیتوں کی وجہ سے شہرت کی بلندیوں تک پہنچ گئے۔ انھوں نے کہا کہ آج بالی وڈ کی فلمیں بھارت کے علاوہ دنیا کے بیشترممالک میں دیکھی جاتی ہیں۔

اس حوالے سے بھی میوزک انڈسٹری کی خدمات کوکوئی نہیں جھٹلا سکتا۔ ایک ارب سے زائدکا بزنس کرنے والی فلموں میں سلمان خان، شاہ رخ اورعامر خان بھی ہوں لیکن جب تک فلم کا میوزک اچھا نہیں ہوتا فلم کا اتنا بڑا بزنس ہونا ممکن نہیں ہے۔ اس لیے ہمارے فلم کے میوزک کو کامیاب بنانے کے لیے بہت کام کیا جاتا ہے۔

اس سلسلہ میں باقاعدہ ایک ٹیم کو منتخب کیا جاتا ہے جوفلم کی کہانی، ہیرو، ہیروئن، لوکیشن کے علاوہ مارکیٹنگ کوسامنے رکھتے ہوئے میوزک پرکام کرتی ہے۔ اب فلم کے میوزک کا مقصد صرف لوگوں کوانٹرٹین کرنا ہی نہیں رہ گیا بلکہ اس کے ذریعے زیادہ منافع بنانے کے لیے کچھ ایسے عناصرکوبھی استعمال کیا جارہا ہے جس سے کسی پراڈکٹ کی تشہیر بھی ہوجاتی ہے اورفلمساز کواچھے پیسے بھی مل جاتے ہیں۔