حیدرآباد میں فراہمی و نکاسی آب کا نظام 8 گھنٹے بند

5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر واسا ملازمین کا احتجاج، ٹھنڈی سڑک پر دھرنا، انتظامیہ کیخلاف نعرے.


Numainda Express October 17, 2012
شہر میں پانی کا بحران، عدم ادائیگی پر آج سے نظام مکمل طور پر بند کرنے کاانتباہ۔ فوٹو: شاہد علی / ایکسپریس

واسا ملازمین نے 6 ماہ سے تنخواہوں، پنشن اور دیگر واجبات کی عدم ادائیگی کیخلاف حیدرآباد شہر کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام 8 گھنٹے کیلیے علامتی طور پر بند کر دیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔

ایچ ڈی اے کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی اپیل پر شہر بھر کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام منگل کی صبح 10 سے شام 6 بجے تک بند رہا جسکے باعث شہر و لطیف آباد کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران پیدا جب کہ بعض علاقوں میں سیوریج کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہو گیا۔ واسا ملازمین نے ٹھنڈی سڑک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور دھرنا دیا اور انتظامیہ کیخلاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں مظاہرین جلوس کی شکل میں پریس کلب پہنچے جہاں احتجاجی مظاہرہ کیا۔

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم لیبر ڈویژن ایچ ڈی اے کے عمر راجپوت و دیگر کا کہنا تھا کہ5 ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کے باعث واسا ملازمین کے بچے فاقہ کشی کا شکار ہیں، مایوس ہو کر وہ انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ اس موقع پر جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے چیئرمین بہرام خان چانگ نے متنبہ کیا کہ اگر واسا ملازمین کو تنخواہوں کی فوری ادائیگی سمیت دیگر مطالبات منظور نہ کیے گئے تو آج (بدھ) سے شہر کا فراہمی و نکاسی آب کا نظام مکمل طور پر بند کر دیا جائیگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے