کوئی ہوتا ہے ۔۔۔

کوئی ہوتا ہے،<br /> ہمارا منتظر،<br /> کسی بالکونی میں اور ٹیرس پر،<br /> اور لاؤنج میں آتش دان کے پاس


کوئی ہوتا ہے، ہمارے جیسا، کسی کافی شاپ میں، کسی شاپنگ مال میں، کسی پارک میں، کسی فوڈ اسٹریٹ میں، کسی ٹرین، کسی میٹرو، کسی بس میں، کسی موٹر وے کے کنارے۔ فوٹو :فائل

کوئی ہوتا ہے
ہمارے لیے
کہیں نہ کہیں
لیکن غبار ِ زیست میں
ہمیں دکھائی نہیں دیتا
راستہ
جس پر ہم چلتے ہیں
کہیں تو جاتا ہے
کسی شہر، کسی گلی میں
کسی نہ کسی دروازے تک
عمریں گزر جاتی ہیں
اور ہم گھنٹی بجاتے ہوئے ڈرتے ہیں
کوئی گھر نہ ہُوا تو کیا ہو گا !

کوئی ہوتا ہے
ہمارا منتظر
کسی بالکونی میں اور ٹیرس پر
اور لاؤنج میں آتش دان کے پاس
عینک کے شیشوں پر آئی نمی صاف کرتے ہوئے
اور کھڑکی سے باہر دیکھتے ہوئے
اور ہم دفتر سے واپسی پر
سرما کی ہلکی ہلکی بارش میں
چھتری تانے ہوئے
گاڑیوں کے چھینٹوں سے بچتے بچاتے
گیلی سڑکوں پر چمکتی ہوئی روشنیوں میں
رات گئے راستہ بھول جاتے ہیں
اور اپنے ہی مکان کے سامنے
کہیں اور جا نکلتے ہیں !

کوئی ہوتا ہے
ہمارے پاس
اندھیرے میں اور تنہائی میں
موبائل فون پر
آواز کو لمس بناتے ہوئے
زمانوں کی نیند سرگوشیاں کرتی ہے
اور ہم خوابوں کی
خاموش رہگزاروں پر چلتے ہوئے
دھند آلود موسموں میں
ایک دوسرے کا ہاتھ تھامے ہوئے
تنہا گوشوں میں
بینچو ں پر بیٹھے ہوئے
چُرمُر سوکھے پتوں کی طرح
باتوں کے ڈھیر لگا دیتے ہیں
یہاں تک کہ بیلنس ختم ہو جاتا ہے !

کوئی ہوتا ہے
ہمارے جیسا
کسی کافی شاپ میں
کسی شاپنگ مال میں
کسی پارک میں، کسی فوڈ اسٹریٹ میں
کسی ٹرین، کسی میٹرو، کسی بس میں
کسی موٹر وے کے کنارے
ہم گزر جاتے ہیں
انتہائی رفتار سے
وقت دونوں اطراف میں بھاگتا ہے
درخت، جھاڑیاں، ڈھابے اور کھوکھے
پیچھے رہ جاتے ہیں
ہموار سطحوں پر چوکڑی مار کر بیٹھے ہوئے مکان
سدا اِسی پوز میں
ہماری واپسی کا انتطار کرتے ہیں
مگر ہمارے پاؤں زمین پر کہاں ٹکتے ہیں
ہم اُڑن کھٹولوں پر سوار بادلوں کو چھونے لگتے ہیں
حتیٰ کہ آخری رن وے آ جاتا ہے
اور ہم اتر جاتے ہیں
لازمانی منطقوں پر
ہمیشہ کے لیے!

نوٹ: روزنامہ ایکسپریس اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
اگر آپ بھی ہمارے لیے نظم لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور اپنی تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر ، فیس بک اور ٹویٹر آئی ڈیز اوراپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کریں۔

مقبول خبریں