کرکٹ میں نیا ٹیلنٹ لانے کیلئے اقدامات کرنا ہونگے ایکسپریس فورم

چلے ہوئے کارتوسوں کو بار بار آزمانا فضول ہے، سابق چیئرمین بورڈ خالد محمود، کھلاڑی قدرتی کھیل کھیلیں


Sports Reporter October 17, 2012
سفارشی بھرتیاں ہوتی ہیں،سابق کرکٹرعطاالرحمن، سابق منیجر اظہر زیدی، مجاہد جمشید، ڈاکٹر خالد، ایمپائرمیاں اسلم کا بھی اظہارخیال. فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کا تھنک ٹینک مسائل حل کرنے میں ناکام ہوگیا۔

اچھی ٹیم بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اُترے تو کامیابی مقدر بنتی ہے' ناقص منصوبہ بندی کے ساتھ کام ہوں تو کارکردگی میں تسلسل کا خواب نہیں دیکھا جا سکتا، گراس روٹ سطح پر نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے بھی ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار کرکٹ سے وابستہ ممتاز شخصیات نے ایکسپریس فورم میں کیا۔

سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا کہ ٹیم سلیکشن اور پلاننگ کے حوالے سے جن غلط فیصلوں پر عام شائقین انگلیاں اٹھا رہے ہوتے ہیں' وہ کوچ' کپتان اور مینجمنٹ کو نظر نہیں آتیں ؟ ہم ٹوئنٹی 20 کرکٹ بھی یا تو ٹیسٹ کرکٹ کی طرح کھیلتے ہیں یا پھر اندھا دھند مار کٹائی کرکے وکٹیں گنواتے ہیں، کچھ غلط ہو رہا ہو تو چیئرمین بورڈ کا فرض ہے کہ وہ مداخلت کرے۔ سابق وکٹ کیپر امتیاز احمد نے کہا کہ ہمارے ہاں کھلاڑی' قدرتی صلاحیتوں کے مطابق کھیلیں تو بہتر نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر عطاء الرحمن نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں سفارشی کھلاڑیوں کی بھرتی کی وجہ سے حقیقی ٹیلنٹ سامنے نہیں آ رہا۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی مجاہد جمشید نے کہا کہ پاکستانی کرکٹرز کے پاس انضمام الحق اور محمد یوسف کے بعد کوئی رول ماڈل نہیں رہا' ڈومیسٹک کرکٹ کے پرفارمرز کو مواقع دینے کے بجائے چلے ہوئے کارتوس بار بار آزمائیں گے تو نتائج کی توقع کرنا فضول ہو گی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی کا کہنا تھا کہ معاملات اس لئے درست نہیں ہوتے کہ کوئی اپنی غلطی ماننے کو تیار نہیں۔

میو اسپتال کے شعبہ سپورٹس میڈیسن کے سربراہ ڈاکٹر خالد جمیل نے کہا کہ کھلاڑی ہماری قومی نفسیات کے ہی عکاس ہیں' قوم کی سوچ صحت مندانہ ہو گی تو ٹیم کے مسائل بھی اپنے آپ ہی کم نظر آئیں گے۔ آئی سی سی ٹیسٹ امپائر میاں اسلم نے کہا کہ کوچ' امپائر اور ایسوسی ایشنز کے عہدیدار معاملات بہتر بنانے کیلیے دیانتداری سے کام نہیں کریں گے تو صورتحال مزید خراب ہو گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں