الیکشن کمیشن کی سپریم کورٹ سے سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرانے کے لئے درخواست

حالیہ سیلاب کی وجہ سے مقررہ تاریخ کو بلدیاتی الیکشن کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے، الیکشن کمیشن کا موقف


ویب ڈیسک July 29, 2015
عدالت نے بیوروکریسی میں ترقیاں دینے اور روکنے کا فارمولا بھی کالعدم قراردے دیا۔ فوٹو: سہیل یوسف

الیکشن کمیشن نے پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کو ایک ماہ کے لئے ملتوی کرانے کے لئےسپریم کورٹ میں متفرق درخواست دائرکردی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے منیر پراچہ ایڈووکیٹ کی جانب سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائرکی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے ریٹرننگ افسران بحالی کے کاموں میں مصروف ہیں جس کی وجہ سے مقررہ تاریخ 20 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی طرف سے ابھی تک قواعد نہ بننے کی وجہ سے بھی شیڈول بروقت جاری نہیں کیا جاسکتا۔ اس لئے عدالت عظمیٰ سے درخواست ہے کہ ایک ماہ کی مہلت دے کر شیڈول 17 اگست کو جاری کرنے کی اجازت دی جائے۔

اسلام آباد سے نمائندہ ایکسپریس کے مطابق پنجاب اورسندھ نے الیکشن کمیشن سے سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر بلدیاتی انتخابات ایک ماہ کے لیے آگے کرنے کی درخواست کی ہے۔ دونوں صوبوں کا موقف ہے کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ سیلاب متاثرین کی ریلیف کیلیے مصروف ہے، ان حالات میں انتظامی افسران انتخابات کی تیاریوں کی ذمہ داریاں نہیں سنبھال سکیں گے، انتظامی افسران ہی ڈسٹرکٹ ریٹرننگ اور ریٹرننگ افسران تعینات ہیں، ان کیلیے سیلاب کی صورتحال اور انتخابات کے امور دیکھنا مشکل ہوگا لہٰذا 20 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے سے پہلے زمینی صورتحال کو بھی دیکھا جائے۔

واضح رہے سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق الیکشن کمیشن کو گزشتہ روز سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کا شیڈول جاری کرنا تھا، اس کے علاوہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی الیکشن مرحلہ وارکرانے کیلیے بھی ایک درخواست دائرکر رکھی ہے۔