فنی خرابی جامشورو پاور ہائوس کا یونٹ نمبر 4 دوبارہ بند

مذکورہ یونٹ 3روز قبل ہی چلایا گیا تھا،2 ماہ میں یونٹ کی بندش کا دسواں واقعہ


Numainda Express October 18, 2012
880 میگا واٹ کی استعداد کا حامل پاورہائوس صرف 2 سو میگا واٹ بجلی پیدا کرتا ہے. رپورٹ

جامشورو تھرمل پاور اسٹیشن میں 3 روز پہلے چلایا جانے والا پیداواری یونٹ نمبر 4 ایک بار پھر تکنیکی خرابی کے باعث بند کر دیا گیا جس کے ساتھ ہی پورا پاور ہائوس بھی بند ہو گیا۔

جامشورو تھرمل پاور اسٹیشن جینکو ون کا پیداواری یونٹ شام کے وقت اس وقت بند ہو گیا جب وہ سو میگا واٹ بجلی پیدا کر رہا تھا۔ ذرائع کے مطابق بوائلر لیکیج کے باعث یونٹ نمبر 4کو بند کرنا پڑا جو 3روز پہلے ہی چلایا گیا تھا۔ 2 ماہ میں تھرمل پاور اسٹیشن کے مختلف یونٹس بند ہونے کا یہ دسواں واقعہ ہے ۔3 روز پہلے جاپانی یونٹ نمبر ایک بھی سو میگا واٹ بجلی بناتے بناتے اچانک بند ہو گیا تھا جبکہ 25 روز سے یونٹ نمبر 2 اور3 اوور ہالنگ کیلیے بند ہیں۔

تھرمل پاور اسٹیشن ذرائع کے مطابق جب بھی پیداواری یونٹس بند ہونے کے بعد چلائے جاتے ہیں تو تقریباً 32 لاکھ روپے کے اضافی اخراجات ہوتے ہیں۔ تھرمل پاور اسٹیشن کے چاروں پیداواری یونٹس 880 میگا واٹ بجلی پیدا کر سکتے ہیں لیکن طویل عرصے سے محض 2 سو میگا واٹ تک بجلی ہی حاصل کی جا رہی ہے۔