سندھ میں فنی تربیت کے نئے ادارے قائم کیے جائینگے صادق میمن

جامعات سے الحاق کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، چیک دینے کی تقریب سے خطاب


Numainda Express October 18, 2012
جامعات سے الحاق کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں، چیک دینے کی تقریب سے خطاب۔ فوٹو: ایکسپریس

ISLAMABAD: صوبائی وزیر ٹیکنیکل ایجوکیشن صادق علی میمن نے کہا ہے کہ گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج وحدت کالونی کو یونیورسٹی کا درجہ دلانے اور ووکیشنل ٹریننگ سینٹر اور دیگر فنی اداروں کے دیگر جامعات سے الحاق کیلیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

جب کہ سندھ میں نئے ٹیکنیکل ادارے قائم کرنے، موجودہ اداروں کے درجے بڑھانے اور عمارتوں کی مرمت کے لیے حکومت نے کثیر رقم مختص کی ہے۔ فنی تربیت کے اداروں کے مستحق طالب علموں میں میرٹ اسکالر شپ کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے انھوں نے کہا کہ پی پی عوامی جماعت ہے اور ان کے کارکنان سے لے کر قیادت تک کو عوام کے دکھ درد کا احساس ہے۔

سندھ کے بے روز گار نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ سرکاری نوکریوں پر انحصار کے بجائے اپنے روز گار کمانے کے قابل ہو سکیں۔ ٹیکنیکل اداروں سے ڈپلومہ لینے والے طلبہ کیلیے مختلف سرکاری و نجی اداروں میں انٹرن شپ کیلیے قانون سازی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تنہا روز گار کے مواقع پیدا نہیں کر سکتی۔ تقریب سے ضلع زکوٰۃ کمیٹی حیدرآباد کے چیئرمین شیر محمد پیرزادہ نے بھی خطاب کیا۔