شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی سے دہشتگردوں کے تربیتی کیمپ تباہ متعدد دہشت گرد ہلاک

پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز نے شمالی وزیرستان کے علاقے گرباز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک August 25, 2015
گزشتہ روز شوال میں ہی دہشت گردوں سے جھڑپ میں لیفٹننٹ کرنل سمیت دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔:فوٹو: فائل

لاہور: شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں پاک فوج نے فضائی کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے کئی کیمپ تباہ کردیئے جب کہ کارروائی کے دوران متعدد دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے گن شپ ہیلی کاپٹرز نے شمالی وزیرستان میں شوال کے علاقے گرباز میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے، تربیتی کیمپ اور اسلحے کا ڈپو تباہ کردیا گیا جب کہ کئی دہشت گردوں کے مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

واضح ر ہے کہ گزشتہ روز شوال میں ہی دہشت گردوں سے جھڑپ میں لیفٹننٹ کرنل سمیت دو سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔