وزیراعظم برآمدات بڑھانے کیلیے آج اہم اقدامات کااعلان کرینگے

تاجروں کو اچھی خبر ملے گی جس سے برآمد میں اضافہ ہو گا، مشیر خزانہ ہارون اختر


Khususi Reporter September 11, 2015
تاجروں کو اچھی خبر ملے گی جس سے برآمد میں اضافہ ہو گا، مشیر خزانہ ہارون اختر۔ فوٹو : فائل

وفاقی وزیرتجارت نے برآمدکنندگان سے طویل مشاورت کے بعد ملکی برآمدات کی راہ میں رکاوٹ بننے والے مسائل کو حل کرنے کیلیے سفارشات وزیراعظم کو ارسال کرنے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم ہفتہ کو برآمد کنندگان سے مشاورت کے بعد اس کا اعلان کریں گے۔

وفاقی وزارت تجارت کی 3 رکنی کمیٹی نے ملکی برآمدات بڑھانے کیلیے لائحہ عمل طے کرنے کیلیے برآمد کنند گان کی 10تنظیموں سے 8گھنٹے مشاورت کی۔

بعد ازاں وزیرتجارت خرم دستگیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ برآمد کنند گان کی زیادہ ترشکایات ٹیکسوں اورتوانائی سے متعلق تھیں، اس حوالے سے سفارشات وزیراعظم کوآج ہی بھجوائی جا رہی ہیں، اجلاس میں وزیرپٹرولیم نے یقین دلایا کہ گیس کا مسئلہ سال کے اختتام تک ختم ہوجائیگا، اس اجلاس کی روشنی میں تجارتی پالیسی بنائی جائے گی ۔

جس کا اعلان جلد کیا جائے گا،زرعی شعبوں بشمول پھل، لائیواسٹاک، پولٹری، چاول کی برآمدبڑھانے کیلیے بھی مشاورت کی گئی،ایکسپورٹر کے ریفنڈ کا مسئلہ اٹھایا گیا ۔

اس حوالے سے سفارشات کو وزیر اعظم کو بھجوایا جائیگا۔ اس موقع پر وزیر اعظم کے مشیر خزانہ ہارون اختر نے کہا کہ حکومت کی اس سے بڑی کیا کاوش ہوگی کہ افراط زر کو 4فیصد تک لے آئی ہے، غریب کو یہی تحفہ دیا گیا ہے، تاجروں کو اچھی خبر ملے گی جس سے برآمد میں اضافہ ہو گا۔

مقبول خبریں