بلدیہ حیدرآباد تنخواہیں ادا کرنے کی یقین دہانی پر ملازمین نے ہڑتال موخر کر دی

سی بی اے وفد کی ایڈمنسٹریٹر برکات رضوی سےملاقات،عید بعد تمام بقایاجات ادا کرنے اورکرپشن کی تحقیقات کی بھی یقین دہانی۔


Numainda Express October 21, 2012
حيدرآباد: چيف ايڈمنسٹريٹر، حيدرآباد ميٹروپوليٹن كارپوريشن سيد بركات احمد رضوي سي بي اے يونين سٹي كے عہديداروں سے ملاقات كر رہے ہيں ۔ فوٹو : شاہد رضوی / ایکسپریس

حیدرآباد میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے ایڈمنسٹریٹر برکات احمد رضوی نے واسا ملازمین سے ہڑتال ختم کرانے کے بعد دوسرے مرحلے میں ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن سٹی حیدرآباد کی اسٹاف یونین کو بھی عید سے قبل ہڑتال موخرکرنے پر رضا مند کر لیا۔

جس کے بعد اب 25 اکتوبر کو ٹائون میونسپل ایڈمنسٹریشن سٹی میں کام چھوڑ ہڑتال نہیں ہو گی اور عید کے موقع پر سینٹری ورکرز ڈیوٹی پر موجود رہیںگے۔اس کا فیصلہ سی بی اے وفد نے برکات احمد رضوی سے ملاقات کے بعد کیا۔

ہفتہ کی دوپہر ایڈمنسٹریٹر سے ان کے دفتر میں سی بی اے یونین کے ایک وفد نے صدر غلام محمد قریشی اور جنرل سیکریٹری اکرم راجپوت کی قیادت میں ملاقات کی۔وفد نے انتظامیہ کو 3 ماہ سے تنخواہوں اور پینشن کی عدم ادائیگی اور ادارے میں افسران کی کرپشن سے آگاہ کرتے ہوئے کارروائی کا مطالبہ کیا جس پر ایڈمنسٹریٹر برکات رضوی نے وفد کو یقین دلایا کہ ملازمین کو عید سے قبل ایک ماہ کی تنخواہ دینے کیلیے بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور عید کے بعد تمام بقایاجات ادا کردیے جائیں گے اور کالعدم بلدیہ اعلیٰ میں کرپشن، ریکوری نہ کرنے سمیت دیگر تمام معلامات کی اعلی سطحی تحقیقات بھی کرائی جائیں گی۔