امریکہ خطے میں عدم توازن میں اضافے کی وجہ نہ بنے سرتاج عزیز

وزیراعظم کے دورہ امریکا میں ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، مشیر خارجہ


ویب ڈیسک October 17, 2015
پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے، سرتاج عزیز۔فوٹو: فائل

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ امریکا ایسے اقدامات نہ کرے جو خطے میں عدم استحکام کی وجہ بن سکتے ہیں جب کہ وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا میں ملکی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹریو میں وزیراعظم کے قومی سلامتی اور خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے اور وزیراعظم نوازشریف کے دورہ امریکا میں سیکیورٹی، علاقائی اور بین الاقوامی مسائل سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاہم ملکی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو جوہری طاقتوں کے مرکزی دھارے میں شامل کیے جانے پر کام جاری ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ امریکا بھارت کے ساتھ جیسے بھی تعلقات رکھنا چاہتا ہے وہ اس کی مرضی ہے لیکن ایسے وقت میں جب پاک بھارت تعلقات میں کشیدگی ہے تو کم از کم اسے چاہیے کہ علاقے میں روایتی اور سٹریٹجک عدم توازن کو اتنا نہ بڑھائے کہ وہ خطے کی سالمیت کے لیے خطرہ بن جائے۔

پاکستان اور بھارت کے تعلقات میں امریکہ کے کردار کے حوالے سے سوال پر سرتاج عزیز نے کہا کہ امریکا سمیت دنیا کے دیگر ممالک بھی چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت مسائل بات چیت کے ذریعے حل کریں لیکن اس کے لیے خطے میں عدم توازن نہیں بڑھنا چاہیے۔ امریکا کی جانب سے پاکستان سے فوری جوہری معاہدے کے امکانات مسترد کیے جانے پر سرتاج عزیز نے کہا کہ اس معاملے پر بات چیت کافی عرصے سے جاری ہے اور عالمی برداری ہتھیاروں کی سکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے مطمئن ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ پرامن افغانستان کے لیے کوششیں کی ہیں اور اگر افغان حکومت نے طالبان سے مذکرات کے خواہش ظاہر کی تو ہم دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کروانے کے لیے بھی تیار ہیں۔ افغانستان میں امریکی فوج کے قیام کی مدت میں اضافے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ افغانستان میں حالات کی بہتری اور استحکام کے لیے جو بھی اقدامات کیے جائیں پاکستان ان کا خیرمقدم کرے گا۔

واضح رہے وزیراعظم نوازشریف 20 اکتوبر سے 23 اکتوبر تک امریکا کا دورہ کریں گے جہاں وہ صدر بارک اوباما سمیت اہم رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔