بینظیر قتل کیس مارک سیگل پر جرح کیلیے پرویز مشرف کے وکیل کو نوٹس

مارک سیگل واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے پہنچیں گے جہاں وڈیو لنک کے ذریعے ان پر جرح کی جائے گی


Numainda Express October 29, 2015
مارک سیگل واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے پہنچیں گے جہاں وڈیو لنک کے ذریعے ان پر جرح کی جائے گی،:فوٹو: فائل

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج رائے محمد ایوب خان مارتھ نے سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو قتل کیس کی سماعت سینئر پراسیکیوٹر چوہدری اظہرکی عدم حاضری پر بغیر کارروائی4 نومبر تک ملتوی کر دی۔

آئندہ تاریخ پر ایس ایس پی طاہر ایوب اور انسپکٹر طارق کیانی کے بیانات ریکارڈ کیے جائیںگے جبکہ شام ساڑھے7 بجے امریکی صحافی مارک سیگل کے بیان پر جرح ہوگی، مارک سیگل واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے پہنچیں گے جہاں وڈیو لنک کے ذریعے ان پر جرح کی جائے گی، وزارت خارجہ کی طرف سے عدالت میں رپورٹ پیش کی گئی کہ امریکا میں وڈیو لنک کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ڈی سی او راولپنڈی نے رپورٹ میں بتایا کہ کمشنر آفس میں عدالت عارضی طور پر قائم کر دی گئی ہے، عدالت نے ملزم پرویز مشرف کے وکیل الیاس صدیقی ایڈووکیٹ اور دیگر ملزمان کے وکلا کو بھی طلب کیا ہے، پیپلز پارٹی کی طرف سے لطیف کھوسہ موجود ہوںگے، سینئر سرکاری پراسیکیوٹر چوہدری اظہر استغاثہ کی نمائندگی کریںگے، پرویز مشرف کی جگہ عدالت میں صفدر جاوید بطور ملزم ان کی نمائندگی کریںگے۔

مقبول خبریں