پاکستان کے نامور فلمی اداکار آغا طالش کے مداح آج ان کی 88 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

آغا طالش کو درجنوں ایوارڈز کے علاوہ حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی ایوارڈ تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا


ویب ڈیسک November 10, 2015
آغا طالش 19 فروری 1998 کو انتقال کر گئے لیکن اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔ فوٹو: فائل

پاکستان فلم انڈسٹری میں اکیڈمی کا درجہ رکھنے والے آغا طالش کے مداح آج ان کی 88 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

10 نومبر 1927 کو لدھیانہ میں پیدا ہونے والے آغا طالش کا اصل نام آغا علی عباس فزلباش تھا۔ قیام پاکستان سے قبل ہی اداکاری کے شعبے سے منسلک تھے، 1945 میں کرشن چندر کی تحریر کردہ کہانی پر فلم ''سرائے کے باہر'' سے طالش نے اپنے فنی سفر کا آغاز کیا۔ یہ فلم زیادہ کام یاب نہ رہی لیکن طالش کے لیے اداکاری کا میدان کھل گیا ۔ قیام پاکستان کے بعد طالش پشاور میں محکمۂ بحالیات میں آفیسر تعینات ہوگئے۔ کچھ عرصے ملازمت کرنےکےبعد آزاد کشمیر ریڈیو پر اسٹاف آرٹسٹ کی حیثیت سے ملازم ہوگئے اور ریڈیو ڈراموں میں صدا کاری شروع کردی۔

1952 میں ''نتھ'' کے ذریعے اپنے فلمی سفر کا دوبارہ آغاز کیا،3 برس بعد 1955 میں ان کی دوسری فلم ''جھیل کنارے'' بھی ناکام رہی۔ 1956 میں 6 فلمیں ریلیز ہوئیں۔ جن میں فلم ''دربارِ حبیب''، ''چھوٹی بیگم'' ''باغی'' ''جبرو'' اور ''سات لاکھ ''شامل ہے، ''سات لاکھ'' میں ان پر فلمایا گیا نغمہ''یارو مجھے معاف رکھو، میں نشے میں ہُوں'' سے انہیں بے انتہا شہرت ملی ۔

طالش کا شمار پاکستان کے چند بہترین کریکٹر ایکٹرز میں ہوتا تھا جو اپنے ہر کردار میں ڈوب کر اداکاری کیا کرتے تھے۔ ''شہید'' انگریز اور مکار''اجنبی'' کا کردار ہو یا ''فرنگی'' میں ''ظالم فرنگی'' کا کردار، فلم ''زرقا'' کا یہودی میجر ہو یا ''کنیز'' کا خود سر مغرور نواب، ''یہ امن'' میں ہندو پٹواری ہو یا ''حیدر علی'' کا ہندو راجا، ان کے تمام کردار ان کی فن کارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے نظر آتے ہیں۔

آغاطالش نے اپنے فلمی کیریئر میں 500 سے زائد فلموں میں کام کیا جن میں اُردو کی 310، پنجابی کی 165، اُردو اور پنجابی (ڈبل ورژن) کی 26، پشتو کی 7 ، سندھی کی 2 اور بنگالی زبان کی ایک فلم شامل ہے۔ آغا طالش نے درجنوں ایوارڈز کے علاوہ حکومت پاکستان کی طرف سے صدارتی ایوارڈ تمغہ حسن کارکردگی بھی حاصل کیا۔ آغا طالش 19 فروری 1998 کو انتقال کر گئے لیکن اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔