گذری سیکیورٹی گارڈ نے جان دیکر بینک ڈکیتی ناکام بنا دی

بینک منیجر عباس کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 363/12 درج کرلیا گیا ہے


Staff Reporter October 25, 2012
ڈی ایس پی کلفٹن ضمیر عباسی نے بتایا کہ بینک میں بننے والے سی سی کیمرہ فوٹیج کی مدد سے ڈاکوئوں کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فوٹو: فائل

گذری کے علاقے اپر گذری ٹوٹل پمپ کے قریب واقع نجی بینک میں سیکیورٹی گارڈ 40 سالہ محمد وریام ولد محمد جمن نے جان دیکر بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔

ڈی ایس پی کلفٹن ضمیر عباسی نے بتایا کہ دوپہر12بجکر کر58منٹ پر موٹر سائیکلوں پر سوار5 ملزمان بینک پہنچے جہاں پہلے دو ملزمان بینک میں داخل ہوئے تو سیکیورٹی گارڈ محمد وریام نے شک کی بنا پر ایک ملزم کو دبوچ لیا جس پر اس کے دوسرے ساتھی نے اسے چھڑانے کے لیے فائرنگ کر دی اس دوران بینک کے باہر موجود ڈاکوئوں میں سے مزید2ڈاکو بینک میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر کے اپنے ساتھیوں کو چھڑا کر بغیر کچھ لوٹے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے، فائرنگ سے بینک میں موجود عملے اور کھاتیداروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ضمیر عباسی نے بتایا کہ شدید زخمی ہونے والے سیکیورٹی گارڈ محمد وریام کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال لیجایا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول کے سینے پر گولی لگی تھی ، ضمیر عباسی نے بتایا کہ بینک میں بننے والے سی سی کیمرہ فوٹیج کی مدد سے ڈاکوئوں کا سراغ لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں،ہلاک ہونے والا سیکیورٹی گلشن اقبال کے علاقے شانتی نگر کا رہائشی اور اس کا آبائی تعلق خیر پور سے تھا،بینک منیجر عباس کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 363/12 درج کرلیا گیا ہے۔