کراچی: نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مشتبہ کویکری مرکز سیل

کارروائی کے دوران مرکز پر موجود افراد کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی


ویب ڈیسک September 09, 2026

کراچی میں ضلع وسطی میں سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی اینٹی کویکری ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے نیو کراچی انڈسٹریل ایریا میں مشتبہ کویکری مرکز پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران مرکز پر موجود افراد کی جانب سے شدید مزاحمت کی گئی۔

ترجمان کے مطابق مشتعل افراد نے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم کو قانونی کارروائی سے روکنے کی کوشش کی، موقع پر ہجوم جمع ہوگیا اور ٹیم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی گئی، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم کو ہراساں کیا گیا اور کچھ وقت کے لیے روکے رکھا گیا۔

دباؤ کے باوجود سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے کارروائی جاری رکھی۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی بروقت معاونت سے صورتحال پر قابو پالیا گیا۔

مشتبہ کویکری مرکز کو قانونی ضابطے کے مطابق سیل کردیا گیا، ترجمان۔ کارروائی میں ملوث مرکزی افراد کو پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔ غیر قانونی طبی پریکٹس اور کویکری کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا۔