لگاتارفلاپ فلموں کے بعد رنبیرکی کامیابی کے لیے دپیکا مندر پہنچ گئیں

زندگی میں اتارچڑھاؤ زندگی کا ہی حصہ ہے جو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے،اداکارہ


ویب ڈیسک November 27, 2015
زندگی میں اتارچڑھاؤ زندگی کا ہی حصہ ہے جو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے،اداکارہ. فوٹو:فائل

KARACHI: بالی ووڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون رنبیرکپورکی ایک کے بعد ایک ناکام فلم پر مایوس ہیں اور اپنی آئندہ فلم تماشا کی کامیابی کے لئے مندر پہنچ گئیں جس میں دونوں اداکار ایک ساتھ جلوہ گر ہورہے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکاررنبیرکپورکی جہاں 3 لگاتار فلمیں فلاپ ہوچکی ہیں وہیں اب ان کی نئی آنے والی فلم "تماشا" ان کے لیے خاصی اہم ہے جس کے لیے فلم کی ساتھی اداکارہ اوران کی گہری دوست دپیکا پڈوکون " تماشا " اور اداکار رنبیر کی کامیابی کے لیے مندرپہنچ گئیں اور خوب دعائیں بھی کیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ رنبیرایک قابل اداکارہیں جن کی قابلیت ان سے کوئی نہیں چھین سکتا، زندگ میں اتار چڑھاؤ زندگی کا ہی حصہ ہے جو کسی کے ساتھ بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ رنبیر کی ناکام فلموں کے حوالے سے ذرا بھی فکر مند نہیں کیوں کہ وہ بہترین اداکار ہیں اور فلم "تماشا" میں بھی انہوں نے بہترین اداکاری کی ہے، امید ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کریں گے۔ دیپیکا نے کہا کہ جب بھی رنبیر کی کوئی فلم ریلیز ہوتی ہے تو وہ مندرجاتی ہیں اور فلم کی ریلیز سے قبل مندر آنا رسم بن گیا ہے۔

بھارت میں تیزی سے پھیلتی انتہا پسندی اور اس پر بالی ووڈ سپراسٹار عامر خان کے اظہار خیال سے متعلق جب دپیکا سے پوچھا گیا تو انہوں نے کچھ بھی کہنے سے صاف انکارکردیا۔

واضح ر ہے کہ امتیاز علی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم "تماشا" میں دپیکا اور رنبیر کپور مرکزی کردار ادا کر رہےہیں جو کہ آج سینیما گھروں کی زینت بنے گی۔