جعلسازی کیس میں شہاب ڈبل شاہ کی درخواست ضمانت مسترد

قتل کے مجرم کوعمر قید کی سزا ،کالعدم تنظیم کے 3 کارکنان کا جسمانی ریمانڈ دے دیاگیا


Staff Reporter October 25, 2012
قتل کے مجرم کوعمر قید کی سزا ،کالعدم تنظیم کے 3 کارکنان کا جسمانی ریمانڈ دے دیاگیا. فوٹو: فائل

جوڈیشل مجسٹریٹ ملیر محمد علی میمن نے جعلسازی ،دھوکا دہی اور بوگس چیک دینے کے الزام میں ملوث شہاب الدین عرف ڈبل شاہ کی دائر درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔

جب کہ شریک ملزمان ملک اسد اور امجد عباس کو ضمانت منظور کرلی ہے، استغاثہ کے مطابق مدعی بلال خالد شفیع نے تھانہ قائد آباد میں رپورٹ درج کرائی تھی جس میں موقف اختیا رکیا تھا کہ ملزم کے کاروبار میں 30لاکھ 40ہزار روپے انوسٹمنٹ کیے تھے بعدازاں ملزم نے اسے ایک لاکھ روپے کا مقامی بینک کا چیک دیا تھا جو کہ باؤنس ہوگیا تھا۔

رقم کا تقاضہ کیا تو ملزم کے ساتھیوں ملک اسد اور امجد عباس نے اسے قتل کی دھمکی دی تھی ،تھانہ قائد آباد نے تینوں ملزمان کو گرفتار کرکے فاضل عدالت سے 26اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ حاصل کیا تھا، منگل کو ملزمان کے وکیل اعجاز شاہ نے درخواست ضمانت دائر کی تھی ،فاضل عدالت نے مذکورہ دو ملزمان کی فی کس 30ہزار روپے کی ضمانت منظور کرلی، تاہم ڈبل شاہ کی درخواست مسترد کردی ہے ،وکیل کے مطابق ایس ایچ او نے ضمانت منظور ہونے کے باوجود اسکے دونوں موکلوں کو رہا نہیں کیا ہے اور بتایا ہے کہ وہ مذید مقدمات میں ملوث ہیں۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی جلال الدین سومرو نے دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کے الزام میں ملوث محمد قاسم کو جرم ثابت ہونے پر عمر قید اور ایک لاکھ روپے مقتول کے ورثا کو ادا کرنے کا حکم دیا ہے ،رقم کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مذید 6ماہ کی قید بھگتنا ہوگی ، استغاثہ کے مطابق12فروری 2010کو ملزم نے محمود آباد کے علاقے میں واقع مقتول ہاشم کے گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوا تھا اور دوران ڈکیتی ملزم نے مقتول کی جانب سے مزاحمت کرنے پر چھری کے وار کرکے اسے قتل کردیا تھا ،ملزم کو تھانہ محمود آباد نے گرفتار کرکے آلہ قتل اور لوٹا ہوا مال برآمد کرلیا تھا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غربی محمد افضل روشن نے پولیس مقابلہ اقدام قتل کے الزام میں ملوث کالعدم تحریک طالبان کے طاہر عرف موٹا ، عابد عرف شعیب اور رفیق عرف انعام کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ہے ،ملزمان کو سی آئی ڈی نے منگھوپیر کے علاقے سے مقابلے کے بعد گرفتار کیا تھا ، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی شگفتہ نے پولیس مقابلہ اقدام قتل کے الزام میں گرفتار لیاری گینگ وارکے شاہد عرف درندہ کو عدم ثبوت پر بری کردیا ہے ،ملزم کو تھانہ کلری نے ستمبر کو لیاری کے علاقے سے گرفتار کیا تھا، ملزم مذکورہ مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا ۔