پاکستان کے بعد اب بھارت میں افسانہ نگارسعادت حسن منٹوکی زندگی پرفلم بنانےکااعلان

فلم میں سعادت حسن منٹو کا کردارعرفان خان ادا کریں گے۔


ویب ڈیسک November 29, 2015
فلم میں سعادت حسن منٹو کا کردارعرفان خان ادا کریں گے۔ فوٹو:فائل

ISLAMABAD: بالی ووڈ کی معروف فلمساز نندتا داس نے پاکستان کے مشہور افسانہ نگارسعادت حسن منٹو کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے جب کہ فلم میں مرکزی کردارعرفان خان ادا کریں گے۔

پاکستان کے مشہورافسانہ نگارسعادت حسن منٹو کا نام سرحد کے دونوں طرف شہرت رکھتا ہے یہی وجہ ہے منٹو کے مداح پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود ہیں جب کہ ان کی زندگی پر مبنی فلم "منٹو" پاکستان میں بنائی گئی جس میں ان کی زندگی کے کئی پہلو نمایاں کیے گئے تاہم اب بالی ووڈ کی معروف ڈائریکٹر نے بھی سعادت حسن منٹو کی زندگی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی فلمساز نندتا داس سعادت حسن منٹو زندگی پر مبنی فلم کے لئے مرکزی کردار کے لئے وراسٹائل اداکارعرفان خان کو پیشکش کی جس کے لیے انہوں نے رضامندی ظاہرکردی ہے اور امید ہے کہ جلد اس کے دیگر کرداروں سے بھی رابطے کر کے باقاعدہ فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائےگی۔

سعادت حسن منٹو اردو ادب کے واحد کبیرافسانہ نگارہیں جن کی تحریریں آج بھی ذوق و شوق سے پڑھی جاتی ہیں، وہ ایک صاحب اسلوب نثرنگار تھے جن کے افسانے، مضامین اور خاکے اردو ادب میں بے مثال حیثیت کے مالک ہیں۔ منٹو ایک معمارافسانہ نویس تھے جنہوں نے اردو افسانہ کو ایک نئی راہ دکھائی-