عید الاضحی سیکیورٹی کیلئے20ہزار اہلکار تعینات

عیدالاضحی سیکیورٹی پلان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کے دفتر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے


Staff Reporter October 26, 2012
آئی جی سندھ فیاض لغاری نے ہدایات جاری کی ہیں کہ قربانی کی کھالوں کوجمع کرنے ، تقسیم اور منتقلی کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کے ساتھ اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی پر عمل درآمد کیلیے ہر سطح پر غیر جانبدارانہ اقدامات کیے جائیں۔ فوٹو: فائل

پولیس نے عیدالاضحی کے موقع پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا ہے۔

جس کے تحت 20ہزار سیکیورٹی اہلکار فرائض انجام دیں گے ، آئی جی سندھ فیاض لغاری نے ہدایات جاری کی ہیں کہ قربانی کی کھالوں کوجمع کرنے ، تقسیم اور منتقلی کے حوالے سے ضابطہ اخلاق کے ساتھ اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی پر عمل درآمد کیلیے ہر سطح پر غیر جانبدارانہ اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے تمام اقدامات کو فول پروف بنایا جا سکے ، عیدالاضحی کے موقع پرکراچی پولیس کی جانب سے تیارکیے گئے سیکیورٹی پلان کے مطابق شہر کی 332 عیدگاہوں ، 3 ہزار 328 مساجد اور 257 امام بارگاہوں پر 20 ہزار سیکیورٹی اہلکارفرائض انجام دیں گے جبکہ تمام پبلک مقامات کے ساتھ ساتھ عبادت گاہوں کے اندرونی حصوں اور اطراف میں سادہ لباس اہلکاروں کی تعیناتی کو بھی ممکن بنایا جا رہا ہے۔

ترتیب دیے جانے والے سیکیورٹی پلان میں تمام ڈویژنل ایس پیز ، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اس امر کیلیے پابند کیا گیا ہے پلان کے مطابق عیدگاہوں ، مساجد ، امام بارگاہوں ، اہم تنصیبات اور پبلک مقامات کے اطراف میں پیٹرولنگ کو موثر بنایا جائے اور قابل اعتراض ، دل آزار وال چاکنگ ، لٹریچر اور پمفلٹس کی تقسیم کی روک تھام اور ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مویشی منڈی کے علاوہ قربانی کی کھالوں کو اکٹھا کرنے کے مقامات اور بعدازاں ان کی منتقلی پر مامور گاڑیوں کی سیکیورٹی کو بھی پلان کا حصہ بنایا گیا ہے ، عیدالاضحی سیکیورٹی پلان کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی کے دفتر میں مرکزی کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔

جو عیدالاضحی کے ایام میں دیگر تمام پولیس وائرلیس بیسز سے مسلسل رابطے میں رہتے ہوئے نہ صرف سیکیورٹی صورتحال کی مانیٹرنگ کا ریکارڈ ترتیب دے گا بلکہ مرکزی کنٹرول روم پر تعینات سینئر پولیس افسران کی جانب سے جاری کیے جانیوالے احکامات پر عمل درآمد کیلیے دیگر پولیس بیسز سے ہر ممکن اقدامات کو بھی یقینی بنائے گا ، آئی جی سندھ نے پولیس کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ ممکنہ حساس علاقوں میں خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کے ساتھ ساتھ شہر میں کی جانے والی سیکیورٹی تعیناتی پر باقاعدہ ویجیلینس اختیار کرنے کے اقدامات پر بھی زور دیا ہے، انھوں نے کہا کہ شرپسندوں کی کڑی نگرانی کے ضمن میں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس پکٹنگ اور ناکہ بندی کو مزید ٹھوس اور موثر بنایا جائے۔