قرض کے بدلے بچہ چھیننے والے 7ملزمان گرفتار بچہ بازیاب

محنت کش امان اﷲ نے پڑوسی خلیل الرحمن سے 6 ہزار روپے قرض لیا تھا، پولیس


Staff Reporter October 26, 2012
پولیس نے بچے کی بازیابی کیلیے خلیل کے گھر پر چھاپہ مار کر مغوی نومولود کو بازیاب کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا. فوٹو: فائل

موچکو پولیس نے بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپہ مار کر مسمات حسینہ ، خلیل الرحمن ، صدیق ، عتیق ، امین ، صابر اور رشید کو گرفتار کر کے نومولود بچے کو بازیاب کرالیا ۔

پولیس کے مطابق محنت کش امان اﷲ نے اپنے بچے کی پیدائش کے موقع پراپنے پڑوسی خلیل الرحمن سے 6 ہزار روپے قرض لیا تھا اور کچھ عرصے میں واپس کرنے کا وعدہ کیا تھا، 5 روز قبل امان اﷲ کے بچے کی پیدائش کے بعد اس کے پڑوسی نے رقم کا تقاضہ کردیا اور رقم فوری نہ دینے پر دھمکیاں دینا شروع کردیں،امان اﷲ نے اس سے رقم کی واپسی کے کچھ وقت مانگا۔

تاہم خلیل الرحمن نے انکارکردیا اور2 روز قبل گھر میں گھس کر نومولود بچے کو زبردستی اٹھا کر اپنے ہمراہ لے گیا جس کی رپورٹ بچے کے والد امان اﷲ نے موچکو تھانے میں درج کرائی تھی ، پولیس کے مطابق بچے کی بازیابی کیلیے خلیل کے گھر پر چھاپہ مار کر مغوی نومولود کو بازیاب کرکے ملزمان کو گرفتار کرلیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بچے کے والد سے کہا تھا کہ اب انھیں رقم کی ضرورت نہیں ہے اور رقم کے بدلے بچہ لے لیا۔