12ربیع الاول پر 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات ہونگے

سب سے زیادہ نفری ایسٹ زون میں تعینات ہو گی، ایڈیشنل آئی جی کراچی نے پولیس کی تعیناتی کے اعداد و شمار جاری کر دیے


Staff Reporter December 18, 2015
جشن عید میلاد النبیؐ کے سلسلے میںپرانی سبزی منڈی پر واقع فیضان مدینہ کوبرقی قمقموں سے سجایا گیا ہے(فوٹو ایکسپریس)

ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر بھر سے نکالے جانے والے جلوسوں ، ریلیوں اور اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی تعیناتی کے اعداد و شمار جاری کر دیئے۔

بارہ ربیع الاول کے موقع پر شہر بھر میں 458 جلوسوں، 57 ریلیوں اور ایک ہزار سے زائد اجتماعات کی حفاظت کیلیے30ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جس میں 574 موٹر سائیکلیں جبکہ521 پولیس موبائلیں بھی مسلسل گشت کرینگی جبکہ سب سے زیادہ پولیس کی نفری ایسٹ زون میں تعینات کی گئی ہے ۔

بارہ ربیع الاول کے موقع پر پولیس نفری کی تعیناتی کے حوالے سے کراچی پولیس چیف کی جانب سے جاری کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ویسٹ زون میں مجموعی طور پر 174 جلوس ، 52 ریلیاں اور 645 اجتماعات منعقد ہونگے اور ان کی سیکیورٹی کے لیے مجموعی طور پر 4 ہزار 439 پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا ۔

ساؤتھ زون میں مجموعی طور پر 76 جلوسوں ، 5 ریلیوں اور 82 اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے 3 ہزار 531 پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا جبکہ ایسٹ زون میں مجموعی طور پر 208 جلوسوں اور 388 اجتماعات کی سیکیورٹی کے لیے 18 ہزار 963 پولیس افسران و اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا ۔

سیکیورٹی پلان کے مطابق ویسٹ زون میں 110 موٹر سائیکل اور اتنی ہی پولیس موبائلیں ، ساؤتھ زون میں 60 موٹر سائیکلیں اور 62 پولیس موبائلیں جبکہ ایسٹ زون میں 404 موٹر سائیکلیں اور 349 پولیس موبائلیں گشت پر مامور ہونگی ۔ کراچی پولیس چیف مشتاق مہر نے تمام زونل ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ بارہ ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی کے اقدامات کو انتہائی فول پروف بنایا جائے اور فرائض کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی غفلت و لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مقبول خبریں