ملک بھر میں شدید سردی آج سال کی طویل ترین رات ہوگی

کئی علاقوں کا پارہ نقطہ انجماد سے گر گیا، زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں بھی اضافہ


News Agencies/Numainda Express December 21, 2015
پارا چنار میں درجہ حرارت منفی 7 ہوگیا، شانگلہ میں نالوں کا پانی جم گیا، زلزلہ متاثرین پریشان۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

درجہ حرارت میں مسلسل کمی کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں خون جما دینے والی سردی نے ڈیرے ڈال لیے۔

اتوارکے روز پارا چنار میں منفی 07، قلات، ہنزہ ، استورمنفی 06 ، گلگت ، دیر،کالام، اسکردومنفی 05، مالم جبہ میں منفی 04ڈگری سینٹی گریڈ رہا، شدید سردی کے باعث شانگلہ کے ندی نالوں میں پانی جم گیا، موسم سرد اور خشک ہونے سے موسمی امراض کاخدشہ بھی پیدا ہوگیا۔

شانگلہ، دیر اورغذر میں زلزلہ متاثرین کی دشوار یاں مسلسل بڑھنے لگیں، خیموں میں مقیم متاثرین سردی کے باعث نمونیا، نزلہ اور کھانسی سمیت مختلف بیماریوں کا شکار ہونے لگے، کوئٹہ، قلات، چمن اور زیارت سمیت بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ بھی سردی کی لپیٹ میں آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران گلگت بلتستان، شمالی بلوچستان، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں موسم شدید سرد اور خشک رہے گا جبکہ آئندہ24گھنٹوںکے دوران مالاکنڈ ڈویژن اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ادھرآن لائن کے مطابق آج 21 دسمبر بروزپیرکو رواں سال کی طویل ترین رات ہوگی جبکہ دن مختصر ترین ہوگاجسکے بعدرات کادورانیہ کم اوردن کادورانیہ بڑھنے لگے گا، 22,21 مارچ کودن اوررات کادورانیہ برابرہوجائیگا۔

مقبول خبریں