شاہ رخ اوررنبیر پہلی بار فلم میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے

یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم میں کام کے لیے دونوں اداکاروں نے آمادگی کا اظہار کیا ہے۔


ویب ڈیسک December 26, 2015
یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم میں کام کے لیے دونوں اداکاروں نے آمادگی کا اظہار کیا ہے، فوٹو: فائل

لاہور: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان اور چاکلیٹی ہیرو رنبیر کپور پہلی بار ایک ساتھ فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔

بالی ووڈ اداکاررنبیر کپوراپنی جانداراداکاری کے باعث فلم انڈسٹری میں جگہ بناچکے ہیں جب کہ اپنے فلمی کیرئیر میں اب تک متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں اور ساتھ ساتھ بالی ووڈ کے حکمران خانز سلمان خان اور عامر خان کے ساتھ مختصر کردار میں بھی ایکشن میں نظر آچکے ہیں تاہم اب وہ انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم میں مرکزی کردار اداکریں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یش راج فلمز اپنی نئی آنے والی فلم میں شاہ رخ خان اور رنبیر کپور کو کاسٹ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں جس کے لیے دونوں اداکاروں نے آمادگی کا اظہار بھی کیا ہے جب کہ فلم کے اسکرپٹ کی تیاری بھی کی جارہی ہے اور فلم کی ہدایتکاری کے فرائض شمت امین سرانجام دیں گے تاہم فلم کی حتمی کاسٹ اور شوٹنگ کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔