اورنگی ٹاؤن لوٹ مار کے دوران فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک 3 زخمی

مزاحمت پرڈاکوئوں نے فائرنگ کی، ساتھی عمران اورآفتاب زد میں آگئے، پولیس


Staff Reporter October 30, 2012
شہریوں نے ملزمان پر فائرنگ کی جس سے 2 ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے، ذرائع فوٹو: فائل

اورنگی ٹائون پاکستان بازار میں ڈاکوئوں نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر 3 افراد کو زخمی کردیا جبکہ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک جبکہ 4 فرار ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون پاکستان بازار میں جمعہ اورہفتہ کی درمیانی شب نامعلوم افرادکی فائرنگ سے 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے جنھیں فوری طور پرعباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، مقتولین کی شناخت محمد عمران اور آفتاب کے نام سے ہوئی،پاکستان بازار پولیس کے مطابق پاکستان بازار میں 3 موٹر سائیکلوں پر سوار 6 ملزمان لوٹ مار کررہے تھے ، اقبال مارکیٹ کے علاقے میں لوٹ مار کے بعد وہ پاکستان بازار میں واقع ایک ہوٹل پر پہنچے اور وہاں لوٹ مار شروع کردی ، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 45 سالہ عین الحق ولد ضمیر ،55 سالہ نور الدین ولد رئیس الدین اور 14 سالہ نسیم ولد شہاب الدین زخمی ہوگئے۔

ڈاکوئوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ان کے اپنے ہی ساتھی عمران اور آفتاب ہلاک ہوگئے جبکہ 4 ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ، ایس ایچ او غلام نبی آفریدی کے مطابق مقتولین کے خلاف پاکستان بازار تھانے میں 28 مقدمات درج ہیں،پولیس نے واقعے کا مقدمہ 185/12 درج کرلیا ہے ، ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا کہ ملزمان جب لوٹ مار میں مصروف تھے تو اس دوران وہاں موجود شہریوں نے اپنے اسلحے سے ملزمان پر فائرنگ کردی جس سے دونوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تاہم پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ۔