شہر میں دھواں اور شور پیداکرنیوالی گاڑیوں کی رپورٹ طلب

اکثر گاڑیوں کے پاس فٹنس نہیں،بدعنوانی کے باعث چل رہی ہیں، درخواست گزار.


Staff Reporter October 30, 2012
اکثر گاڑیوں کے پاس فٹنس نہیں،بدعنوانی کے باعث چل رہی ہیں، درخواست گزار. فوٹو: فائل

سندھ ہائیکورٹ نے شہر میں ٹریفک کی وجہ سے دھوئیں اور شور کی سطح میں اضافے پر ڈائریکٹر جنرل ادارہ تحفظ ماحولیات سے وضاحت طلب کی ہے کہ کیا۔

انھوں نے ا س صورتحال کے بارے میں کوئی اقدام کیا ہے ،جسٹس مقبول باقر کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے یہ استفسار شہر میں ٹریفک کے دھوئیں ، شور اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے متعلق عابد حسین ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست کی سماعت پر کیا ہے، فاضل بینچ نے ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ٹریفک پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ آئندہ سماعت 15دسمبر کو تفصیلی اور جامع پروگرام اور شیڈول عدالت میں جمع کرائیںجس میں بتایا جائے کہ کب تک دھوئیں چھوڑنے اور شور والی گاڑیوں کو سڑکوں سے ہٹادیا جائیگا اور اس امر کو بھی یقینی بنایا جائے کہ سڑک پر آنیوالی ہر گاڑی مطلوبہ معیار پر پوری اترتی ہو، درخواست میں موقف اختیارکیا گیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی بڑی تعداد دھواں چھوڑ رہی ہیں۔

ان میں سے اکثر گاڑیوںکو ٹریفک حکام کی جانب سے فٹنس سرٹیفکیٹ جاری بھی نہیں کیا گیا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ان گاڑیوں کے خلاف کاررائی کی ہدایت کی جائے اور اگر کوئی گاڑی فٹنس سرٹیفکیٹ کے باوجود دھواں خارج کررہی ہے تو اسکا سرٹیفکیٹ بھی منسوخ کرنے کا حکم دیا جائے ، کیونکہ مدعا علیہان بدعنوانی کے باعث ایسے گاڑی مالکان سے ملے ہوئے ہیں اور شہر کے ماحول کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ،درخواست گزار نے شہر میں ٹریفک کی ابتر صورتحال کی نشاندہی کرتے ہوئے بتایاہے کہ رکشے اور ٹیکسیاں بغیر میٹرز کے چل رہی ہیں جبکہ ٹریفک پولیس اورمتعلقہ حکام اس لاقانونیت کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے، سندھ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے فوکل پرسن یار محمد نے اس حوالے سے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کی ،فاضل بینچ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی وہ اس ضمن میں جواب داخل کریں۔