امیتابھ بچن پوتی سے متعلق کنگ خان کے بیان پرخوشی سے نہال

شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے ابرام اور بگ بی کی پوتی کو مستقبل کی کامیاب ترین فلمی جوڑی شاہ رخ اور کاجول قرار دیا تھا


ویب ڈیسک January 04, 2016
شاہ رخ خان نے اپنے بیٹے ابرام اور بگ بی کی پوتی کو مستقبل کی کامیاب ترین فلمی جوڑی شاہ رخ اور کاجول قرار دیا تھا، فوٹو: فائل

KARACHI: بالی ووڈ کے میگا اسٹار امیتابھ بچن نے شاہ رخ خان کی جانب سے ان کی پوتی آرادھیا اور ابرام سے متعلق بیان پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن اپنی پوتی آرادھیا سے بے انتہا محبت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر بھی اپنی پوتی سے متعلق شرارتوں کو اپنے مداحوں سے شیئر کرتے رہتے ہیں جب کہ بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی جانب سے اپنے بیٹے ابرام اور ان کی پوتی کو مستقبل کی کامیاب فلمی جوڑی قرار دینے پر بے انتہا خوش ہیں۔

امیتابھ بچن اپنی نئی آنے والی فلم''وزیر'' کی تشہیری مہم میں مصروف ہیں اس دوران کنگ خان کے بیان پر بے انتہا خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بے اختیار کہا کہ اگر انہوں نے ایسا کہا ہے تو ان کے منہ میں گھی، شکر، دودھ اور سب کچھ ہو، جس پر پورے ہال میں زور دار قہقہہ گونجا۔

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے اپنی فلم کی پروموشن کے دوران اپنے چھوٹے بیٹے ابرام اور میگا سٹار امیتابھ بچن کی پوتی اور ایشوریارائے بچن کی بیٹی آرادھیا کو مستقبل میں بالی ووڈ کی مشہور جوڑی شاہ رخ خان اور کاجول سے تشبیہہ دی تھی ۔