کرس گیل نے لائیوانٹرویو میں خاتون رپورٹر سے اپنی پسندیدگی کا اظہار کردیا

آپ کی آنکھیں بہت خوبصورت ہیں اور مجھے امید ہے کہ میچ جیتنے کے بعد ہم دونوں آج کی شام ایک ساتھ گزار سکتے ہیں، گیل


ویب ڈیسک January 04, 2016
کرس گیل لائیو انٹرویو میں خاتون صحافی سے محبت کا اظہارکرکے ایک بار پھرسوشل میڈیا پر زیر بحث آگئے، فوٹو فائل

KARACHI: کرس گیل کا شمار دنیائے کرکٹ کے ان کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جو نہ صرف اپنے کھیل سے بلکہ اپنے رقص اور عادتوں سے بھی لوگوں کو محظوظ کرتے رہتے ہیں لیکن اس بار تو انہوں نے کچھ زیادہ ہی منفرد کارنامہ انجام دیا اور براہِ راست انٹرویو کے دورن رپورٹر کی آنکھوں کے سحر میں ایسے کھوئے کہ اسے ایک شام اس کے نام کرنے کی دعوت دے ڈالی اور یہ بھول گئے کہ ان کا انٹرویو براہ راست دیکھا جا رہا ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق آسٹریلیا میں کھیلی جانے والی بیگ بیش لیگ کے میچ میں کرس گیل کی دھواں دھار بیٹنگ سے تماشائی خوب لطف اندوز ہوئے اور ان کودل کھول کر داد دی لیکن گیل کی یہ شاندار اننگزبلے کے ساتھ تو ختم ہوگئی لیکن اب ان کی اس اننگز کے زبانی چوکے چھکے باقی تھے۔ اخبار کی ویب سائٹ پر لگی ویڈیو میں میچ کے بعد خاتون رپورٹر کو انٹرویو دیتے ہوئے کرس گیل اس کی آنکھوں کے سحر میں کھو گئے اور صحافی کے ان کی اننگز سے متعلق پوچھے گئے سوال میں ان کی زبان پھسل گئی اور کہہ گئے کہ انہوں نے اچھی بیٹنگ اس لیے کی کیوں کہ وہ چاہتے تھے کہ آپ یہاں انٹرویو کرنے آئیں۔ لیکن گیل یہیں نہیں رکے بلکہ اپنے پیار بھرے طوفانی جملوں کے چوکوں چھکوں کی بارش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آنکھیں بہت خوبصورت ہیں اور مجھے امید ہے کہ میچ جیتنے کے بعد ہم دونوں آج کی شام ایک ساتھ گزار سکتے ہیں، یقیناً آپ میری دعوت رد نہیں کریں گی۔

کرس گیل کی اس دعوت کو خاتون صحافی نے ہسنتے ہوئے قبول کرلیا اور کہا کہ وہ اس دعوت کو رد نہیں کریں گی۔ کرس گیل یہ سب تو کہہ گئے لیکن اس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی اس ویڈیو پر لوگوں نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور بگ بیش لیگ کے سربراہ انتھونی کا کہنا تھا کہ کرس گیل کا یہ انداز غیر سنجیدہ اور نامناسب تھا اور اس پر گیل سے بات کی جائے گی کیوںکہ کہ یہاں بچے، فیملیز اور خواتین سبھی میچ دیکھنے آتے ہیں اور کرکٹ کھیلنے کے دوران ایسا رویہ مناسب نہیں۔



 

مقبول خبریں