مومن آباد گرفتار منشیات فروش پراسرار طور پر تھانے میں ہلاک

نوید سانس کا مریض تھا، طبیعت خراب ہونے پراسپتال لے جایاجا رہا تھا، پولیس.


Staff Reporter October 31, 2012
ہلاکت پولیس کے مبینہ تشدد سے ہوئی، تحقیقات کرائی جائے، اہلخانہ کا مطالبہ ۔ فوٹو: فائل

مومن آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار منشیات فروش پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق مومن آباد پولیس نے اورنگی ٹائون نمبر10میں چھاپہ مار کر منشیات فروش 25 سالہ نوید ولد فیض کو گرفتار کر کے ایک کلو چرس اور ٹی ٹی پستول برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا ، ملزم پولیس کی حراست میں تھا کہ منگل کو وہ پراسرار طور پر ہلاک ہوگیا جس کی لاش پولیس نے خاموشی سے ضابطے کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی، ایس ایچ او مومن آباد انسپکٹر نوید ناصر نے بتایا کہ ملزم سانس کا مریض تھا اور منگل کو اس کی اچانک طبیعت خراب ہوئی جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال لیجایا جا رہا تھا کہ وہ دم توڑ گیا ۔

انھوں نے بتایا کہ ملزم ماڑی پور تھانے کی حدود میں قتل کیے جانے والے سب انسپکٹر کے قتل میں ملوث ہے جس کے قتل کا مقدمہ نمبر 383/12 ماڑی پور تھانے میں درج ہے ، پولیس حراست میں ہلاک ہونے والا ملزم نوید یوسف گوٹھ بلدیہ ٹائون کا رہائشی تھا جبکہ اہلخانہ نے الزام لگایا ہے کہ ہلاکت پولیس کے مبینہ تشدد سے ہوئی ہے جسے پولیس چھپانے کی کوشش کر رہی ہے ، اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس حراست میں نوید کی ہلاکت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائے ۔

ایس ایچ او ماڑی پور افتخار کا کہنا ہے کہ مومن آباد پولیس نے قتل کیے جانے والے سب انسپکٹر کے مقدمے کی تفصیلات مانگی تھیں تاہم انھیں اس بارے میں نہیں معلوم کہ ہلاک ہونے والا ملزم پولیس افسر کے قتل میں ملوث ہے، اسپتال ذرائع کے مطابق مومن آباد پولیس کی جانب سے عباسی شہید اسپتال لائی جانے والی ملزم نوید کی لاش پولیس کچھ دیر کے بعد اپنے ہمراہ لے گئی۔