شادمان میں ہلاک فواد کی شادی کی تیاریاں جاری تھی

عید سے ایک روز قبل نامعلوم افراد نے قتل کیا،خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ میں تبدیل.


Staff Reporter November 01, 2012
کسی سے دشمنی نہیں،فواد کا کسی سیاسی و مذہبی جماعت سے تعلق نہیں،بھائی. فوٹو: فائل

ISLAMABAD: عید الاضحی سے ایک روز قبل شادمان ٹائون میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے نوجوان فواد احمد صدیقی کی 2 ماہ بعد شادی تھی،خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا ۔

مقتول 7 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا اور اس کی موبائل فون کی دکان تھی،تفصیلات کے مطابق عید الاضحی سے ایک روز قبل جمعہ کی شب شادمان ٹائون سیکٹر 14-B میں نامعلوم ملزمان نے گھر کے قریب 22 سالہ نوجوان فواد احمد صدیقی کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے تھے ، ملزمان نے فواد کو نائن ایم ایم پستول سے 6 گولیاں ماریں، مقتول کے بھائی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ کسی کام سے گیا ہوا تھا اور گھر واپس پہنچ رہا تھا کہ گھر کے قریب ہی نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے فواد کو ہلاک کردیا ، انھوں نے مزید بتایا کہ فواد کی جنوری میں شادی طے تھی اور گھر میں شادی کی تیاریاں جاری تھیں ۔

فواد کی ہلاکت کے بعد خوشیوں بھرا گھر ماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا ، مقتول نارتھ کراچی یو پی موڑ پر واقع موبائل مارکیٹ میں دکان کا مالک تھا ، مقتول کے بھائی نے ایکسپریس کو مزید بتایا کہ وہ حال ہی میں بفرزون سے شادمان ٹائون منتقل ہوئے تھے اور مذکورہ گھر میں ہی فواد کی شادی کرنا چاہتے تھے لیکن قدرت کو شاید کچھ اور ہی منظور تھا ، انھوں نے بتایا کہ ان کی کسی سے کوئی ذاتی دشمنی نہیں ہے جبکہ فواد کا بھی کسی سیاسی یا مذہبی جماعت سے تعلق نہیں تھا ، فواد کو عید کے پہلے روز بعد نماز عصر نیو کراچی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔