بھتہ مافیا کیخلاف احتجاج کی حمایت کریں گے ثروت اعجاز

شہر سے ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے لیے پولیس کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا.


Staff Reporter November 01, 2012
شہر سے ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے لیے پولیس کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا. فوٹو : فائل

پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے خاتمے کے لیے پولیس کے محکمے کو سیاست سے پاک کرنا ہوگا۔

عوام اور تاجروں کی جان ومال محفوظ نہیں،کلرز آزاد گھوم رہے ہیں حکومت شہریوں ،تاجروں، صنعتکاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے، تاجروں، صنعتکاروں کے خدشات و تحفظات اور مایوسی کو ختم کرکے ہی معیشت کو مضبوط کیا جاسکتا ہے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس پر ملاقات کے لیے آنے والے شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات سے گفتگوکرتے ہوئے کیا، ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک ایک نظریاتی عوامی تحریک ہے جو عوام کے مسائل کے حل اور دہشت گردی کے خلاف آواز بلند کیے ہوئے ہے۔

انھوں نے کہا کہ حکومت شہریوں، تاجروں اور صنعتکاروں کو تحفظ دے اور بھتہ مافیہ کے خلاف سخت کاروائی کرے، انھوں نے کہا کہ کراچی کے تاجر اور صنعتکارحکومتی بے بسی اور بھتہ مافیا اور ٹارگٹ کلرز سے خوفزدہ ہوکر اپنا سرمایہ محفوظ جگہ پر منتقل کررہے ہیں جس سے کراچی کی معاشی صورتحال کو شدید دھچکا لگے گا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ تاجر برادری نے بھتہ مافیا، دہشت گردی کے خاتمے کیلیے کسی احتجاج کی کال دی تو پاکستان سنی تحریک بھر پور ساتھ دے گی۔