قمرزمان کائرہ کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے ثنااللہ

آئندہ انتخابات میں لوٹ مار اور کرپشن کے چیمپئنز کا انجام دنیا دیکھے گی، صوبائی وزیر


Numainda Express November 01, 2012
آئندہ انتخابات میں لوٹ مار اور کرپشن کے چیمپئنز کا انجام دنیا دیکھے گی، صوبائی وزیر۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیرقانون رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں لوٹ مار اور کرپشن کے چیمپئنز کا انجام دنیا دیکھے گی۔

پیپلزپارٹی پنجاب میں مسلم لیگ(ن) کی حکومت ختم کرنے کا تجربہ پہلے بھی کرچکی ہے جس میں اس کو سوائے ناکامی کے کچھ حاصل نہ ہوا۔ عوام اسٹیبلشمنٹ کے سونامی نہیں بلکہ حقیقی تبدیلی کے خواہاں ہیں جو صرف نواز شریف کی قیادت میں ہی ممکن ہوسکتی ہے ۔ فیصل آباد میں رحمانی برادری کی جانب سے دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں مسلم لیگ(ن) نے پنجاب میں عوام کی فلاح وبہبود اور بہتری کیلیے جو اقدامات کیے ہیں ماضی میں ان کی مثال نہیں ملتی۔

وفاقی وزیر اطلاعات قمرزمان کائرہ کی پریس کانفرنس کے ردعمل میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے گزشتہ ساڑھے چار برسوں میں لوٹ مار اور اقرباپروری کے علاوہ کچھ نہیں کیا، کئی ایک وزرأ کی برطرفی اور عدالتوں کے فیصلے اس امر کے گواہ ہیں کہ زرداری اینڈ کمپنی نے ملک کودیوالیہ کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی ، وفاقی حکومت کی اس مایوس کن کارکردگی سے پوری قوم بخوبی آگاہ ہے اور وہ آئندہ انتخابات میں ان سے اپنے ووٹ کے ذریعے ضرور بدلہ لے گی۔قمرزمان کائرہ کی پریس کانفرنس جھوٹ کا پلندہ ہے جس میں انہوں نے پنجاب حکومت کی ٹیکس کارکردگی کو ہدف تنقید بنایا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتوں کے اخراجات میں اضافے کا دعوی بے بنیاد ہے اور اس کے مقابلے میں وفاقی سطح پر صرف غیرملکی دوروں کا حساب کرلیا جائے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ انہھں نے کہا کہ اصغر خان کیس پر بغلیں بجانے کی بجائے پیپلزپارٹی کو اپنی کارکردگی پر غور کرنا چاہیئے۔ دریں اثنا مسلم لیگ(ن) کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے کہاہے کہ حکومت اوراس کے اتحادی عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں اور فرارکا راستہ ڈھونڈنے کیلیے آئے روزنئے بہانے تراش رہے ہیں ۔