سپریم کورٹ اپنی نگرانی میں آپریشن کرائے ثروت قادری

نیوکراچی میں کارکنوں پر چرس کا جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا،دہشت گردآزادہیں.


Staff Reporter November 03, 2012
پولیس میںشامل کالی بھیڑیں جھوٹے مقدمات میںبے گناہ افرادکو پھنسا رہی ہیں فوٹو : فائل

DERA ISMAIL KHAN: پاکستان سنی تحریک کے سربراہ ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دہشت گردکسی بھی چھتری کے نیچے ہوں ان کیخلاف قانون کو ہر حال میں حرکت میں لایا جائے۔

کراچی میں اندھیر نگری چوپٹ راج ہے، دہشت گرد،کلرز سیاسی چھتری کے نیچے پناہ لیے ہوئے ہیں، قانون نافذ کرنیوالے ادارے بخوبی واقف ہیں کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں کون سے ہاتھ ملوث ہیں ،سُپریم کورٹ 16ایجنسیوںکی رپورٹ کی روشنی میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن اپنی نگرانی میںکرائے،ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے مرکز اہلسنت پر نیوکراچی سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دہشت گردی اور بھتہ خوری کے خلاف شہریوں ،تاجروں اور صنعتکاروں کے تحفظ کیلیے پاکستان سُنی تحریک آواز بلند کیے ہوئے ہے۔

8رمضان المبارک سے ابتک ہمارے 18 کارکنوں کو شہید کیا گیا مگر افسوس کسی ایک کے قاتل کو بھی گرفتار نہیں کیا جاسکا،پولیس میں شامل کالی بھیڑیں سیاسی بنیادوں پر جھوٹے مقدمات بناکر بے گناہ افراد کو پھنسا رہی ہیں، نیو کراچی میں کارکنوں پر چرس کا جھوٹا مقدمہ قائم کردیا گیا جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے،سُپریم کورٹ اس واقعے کا نوٹس لے، 254 ملزمان پیرول پر کئی سالوں سے رہا ہیں ۔