پاور سیکٹر میں 6ماہ کیلیے ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان

بجلی چوری ختم، واجبات وصولی میں بہتری پر ملازمین کیلیے پرفارمنس اسکیم شروع کی جائیگی .


Numainda Express November 03, 2012
بجلی چوری ختم، واجبات وصولی میں بہتری پر ملازمین کیلیے پرفارمنس اسکیم شروع کی جائیگی۔ فوٹو: فائل

وفاقی سیکریٹری پانی وبجلی نرگس سیٹھی نے لیسکو کی کارکردگی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تین ماہ کے اندر بجلی کی چوری ختم کرنے اور واجبات کی وصولی میں خاطرخواہ بہتری دکھانے والی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے ملازمین کیلیے پرفارمنس ان سینٹو اسکیم شروع کی جائیگی اور سروس رولز میں بہتری لائی جائیگی۔

ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کر کے نتائج کا ماہانہ اور سہ ماہی بنیاد پر اعلان کیا جائیگا' بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری کی شرح میں اضافے کیلیے ہر افسر کو کارکردگی دکھانا ہو گی' اچھا کام کرنیوالوں کیلیے خصوصی ریوارڈ سسٹم متعارف کرایا جائیگا جبکہ غفلت اور کمپنی کو نقصان پہنچانے میں ملوث کسی افسر کو برداشت نہیں کیا جائیگا۔ وہ گزشتہ روز واپڈا ہائوس میں لیسکو اور گیپکو افسران کے علیحدہ علیحدہ اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں۔ اجلاس میں دونوں کمپنیوں کے سی ای اوز کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، اس موقع پر وفاقی سیکریٹری کو ریکوریوں' لائن لاسز سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

نرگس سیٹھی نے واجبات وصولی کی مہم مزید تیز کرنے کے احکام دیتے ہوئے کہا کہ اب افسر شاہی نہیں چلے گی بلکہ مجھے نتائج چاہئیں، بجلی چوری کی روک تھام کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں' مفت بجلی استعمال کرنے والوں کی بجلی بلاتفریق منقطع کر دی جائے، نیشنل گرڈ اسٹیشن سے استعمال ہونیوالی بجلی کی روزانہ کی بنیادوں پر تفصیلی رپورٹ دی جائے اور اس میں غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائیگا۔ آ ئی این پی کے مطابق وفاقی سیکریٹری نے اس موقع پر 6ماہ کیلیے پاور سیکٹر میں ایمرجنسی کے نفاذ کا اعلان کرتے ہوئے تمام افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت دی۔