ضرب عضب سے دہشت گردوں کو دھچکا لگا امریکی جنرل

آپریشن ضرب عضب کے باعث بھاگنے والے طالبان افغانستان میں کارروائیوں میں مصروف ہیں،امریکی جنرل


News Agencies/AFP January 30, 2016
افغانستان میں صورت حال بگڑ رہی ہے، داعش اور القاعدہ جیسی تنظیمیں اپنے اڈے بنانے کی کوشش کر رہی ہیں، مقامی فورسز کی تشکیل نو کا سلسلہ جاری ہے، جنرل نکلسن کا سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں بیان ۔ فوٹو : فائل

افغانستان میں امریکی قیادت میں قائم نیٹو مشن کے نامزد کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل جان نکلسن نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کو دھچکا لگا جبکہ افغان فورسزکو ذمے داریاں سنبھالنے میں کئی برس درکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں بیان دیتے ہوئے کیا، جنرل نکلسن نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کو دھچکا لگا ہے، آپریشن کے باعث بھاگنے والے طالبان افغانستان میں کارروائیوں میں مصروف ہو گئے ہیں، حقانی نیٹ ورک کے خلاف پاکستان کو مزید کارروائی کرنا ہوگی، شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب سے دہشت گردوں کو کافی نقصان پہنچا ہے۔

ماضی میں پاکستان کے قبائلی علاقے حقانی نیٹ ورک کی پناہ گاہ رہے،پاکستان اور افغانستان کو مل کر مشترکہ دشمن کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی، انھوں نے کہا کہ امریکا طالبان تاریخی طور پر پاکستان کے مغربی علاقوں میں پناہ لیتے رہے ہیں، جان نکلسن نے کہا کہ افغانستان میں امریکی فوج کی گرفت کمزور اور طالبان مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستانی فوجی حکام کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن کے حصول کیلیے کوششیں کر رہے ہیں، انھوں نے کہا کہ افغان فوج کی تشکیل نو کا سلسلہ جاری ہے، افغانستان کے زمینی دستوں کے ساتھ ساتھ ایئر فورس کا قیام بھی اہم ہے۔

افغان فوج کے بعض شعبوں میں پیشہ ورانہ تربیت کے مثبت اثرات یقینی طور پر پیدا ہوئے ہیں، انھوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی سلامتی کی صورت حال ٹھیک نہیں ہے، ان کا کہنا تھا کہ افغان ''پیدائشی جنگجو'' ہوتے ہیں، داعش اور القاعدہ جیسی دہشت گرد تنظیمیں افغانستان میں اڈے بنانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔

انھوں نے متنبہ کیا کہ امریکا کو زیادہ جارحانہ انداز اپنانے کی ضرورت ہے، کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مک کین نے کہاکہ افغانستان میں تعینات امریکی فوج کی تعداد کم کرنے کے منصوبے سے القاعدہ اور داعش کے خلاف افغان فورسز کی کوششوں کو نقصان پہنچے گا، آن لائن کے مطابق افغانستان میں فورسز کے آپریشن میں 7 طالبان اور 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے، افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ فورسز نے صوبہ بغلان اور مشرقی صوبہ کپیسا میں آپریشن کلین اپ کیا، فورسز نے متعدد طالبان کو گرفتار کرکے ان سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے