زائد کرایہ وصول کرنے پر8 ٹرانسپورٹرز کا چالان 20پر جُرمانہ

ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے صرف 2 ہزار بسوں کے کرایوں میں کمی کی لسٹیں جاری کیں.


Staff Reporter November 04, 2012
ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے صرف 2 ہزار بسوں کے کرایوں میں کمی کی لسٹیں جاری کیں. فوٹو: فائل

GILGIT: سندھ حکومت نے سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے باوجود سابقہ کرایہ وصول کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔

اس ضمن میں لکی اسٹارکے قریب بسوں کے کرایوں کی چیکنگ کے دوران 8بسوں کا چالان اور20 پر جرمانہ عائد کردیا گیا جبکہ کمشنرکراچی ہاشم زیدی نے ٹرانسپورٹرز کیخلاف کارروائی تیزکرنے کا حکم جاری کردیا،تفصیلات کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ کا نوٹیفکیشن ہوامیں اڑادیا ہے،مسافروں سے سابقہ کرایہ وصول کیا جارہا ہے،زائد کرایہ لینے کے باعث مسافروں اور کنڈیکٹروں کے درمیان تکرار اور ہاتھا پائی ہورہی ہے۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر نے کہا ہے کہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے صرف 2 ہزار بسوں کے کرایوں میں کمی کی لسٹیں جاری کی ہیں تاہم 13ہزار منی بسوں وکوچز کے لیے لسٹیں ابھی تک جاری نہیں ہوئی ہیں،شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں منصفانہ کمی نہیںکی گئی تاہم وزیر ٹرانسپورٹ اس قدر بے بس نظر آتے ہیں کہ اپنے فیصلوں پر بھی عملدرآمد نہیں کراسکتے، سپریم کورٹ کی ہدایت پر اوگرا کی جانب سے سی این جی کی قیمتوں میں کمی کے بعد صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اختر حسین جدون نے جمعرات کو پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا اعلان کیا اور اسی شام صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا مگر اس کا فائدہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے والے مسافروں کو نہ مل سکا۔

ہفتہ تک ٹرانسپورٹرز پرانے کرائے وصول کرتے رہے ، ان کا کہنا ہے کہ جب تک نئی لسٹیں نہیں آجاتیں اس وقت تک یہی کرایہ وصول کیا جائے گا ، شہریوں نے کہا ہے کہ وزیر ٹرانسپورٹ اختر جدون نے کرایوں میں کمی منصفانہ بنیادوں پر نہیں کی ہے تاہم اس پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکا یہ حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے،انھوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز زائد کرایہ کی وصولی پر بحث کرنے والے مسافروں سے مار پیٹ کرتے ہیں اور انھیں بس سے اتار دیتے ہیں ،کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے بتایا کہ صوبائی محکمہ ٹرانسپورٹ نے کرایوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

تاہم ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے بروقت کرایوں میںکمی کی لسٹیں فراہم نہیں کیں جس کے باعث ٹرانسپورٹرز پرانے کرائے وصول کر رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ آرٹی اے نے ہفتہ کو دوپہر تین بجے 2ہزار بڑی بسوں کے کرایوں میںکمی کی لسٹیں جاری کیں جسے رات تک ٹرانسپورٹرز میں تقسیم کیا گیا ،بڑی بسوں میں کرایوں میں کمی کا اطلاق اتوار کی صبح تک ہوجائے گا تاہم 13ہزار منی بسوں و کوچز کی لسٹیں ابھی تک فراہم نہیں کی گئی ہیں جس کے باعث وہ بدستور پرانے کرائے وصول کر رہے ہیں،انھوں نے کہا کہ توقع ہے کہ پیر تک ان کی لسٹیں جاری کردی جائیںگی۔

دریں اثنا محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی سیکریٹری علی نواز پنہور نے بتایا کہ محکمے نے گذشتہ روز ہی کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کو نوٹیفکیشن سمیت کرایہ فہرستیں بھی جاری کردیں، انھوں نے کہا کہ ڈی آئی جی ٹریفک اور کمشنرکراچی کو ان ٹرانسپورٹرزکیخلاف ایکشن لینے کی ہدایت کردی جو مسافروں سے زائد کرایہ اپنی جیبوں میں ڈال رہے ہیں ، کمشنر کراچی ہاشم زیدی نے کہا ہے کہ زائد کرایہ وصول کرنے کی شکایت پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

پانچوں ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کردی گئی ہے کہ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنیوالے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کی جائے، اسسٹنٹ کمشنر صدر غضنفر قادری نے لکی اسٹار کے قریب بسوں کے کرایوں کی چیکنگ کے دوران پرانا کرایہ وصول کرنیوالے 8بسوں کے ڈرائیوروں کو چالان جبکہ 20 پر جرمانہ عائد کیا ہے،انھوں نے بتایا کہ سب ڈویژن صدر کی حدود سے جانے والی تمام بسوں میں چیکنگ کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔