کرائے داروں کے کوائف اور شناخت کا عمل محرم سے قبل مکمل کرنے کا فیصلہ

قانون پسندشہریوںکوہراساں نہ کیاجائے،تاجروں کےنمائندوں اورپولیس پرمشتمل کمیونٹی پولیسنگ پروجیکٹ کاآغازکیا جائے،آئی جی.


Staff Reporter November 04, 2012
ایوان صنعت وتجارت میںڈی ایس پی، انسپکٹر، اہلکاروں اور 5موبائلوں پر مشتمل پولیس چیمبر لائژن کمیٹی کام کر رہی ہے،ڈی آئی جی سائوتھ. فوٹو: فائل

آئی جی سند ھ فیاض احمد لغاری کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں شہر کے گنجان آباد اور تجارتی علاقوں میں کرائے کے مکانوں میں رہائش رکھنے والے لوگوں کے کوائف کی تصدیق اور شناخت کے عمل کو محرم الحرام سے قبل یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سینٹرل پولیس آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ فیاض احمد لغاری کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطح اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے تحت سی آئی ڈی ، اسپیشل برانچ اور کراچی پولیس پر مشتمل ٹیموں کو شہر کے تمام گنجان آباد ، تجارتی علاقوں اور بالخصوص مرکزی جلوس کے روٹس پر کرائے کے مکانوں میں رہائش رکھنے والے لوگوںکے کوائف کی با قاعدہ تصدیق اور انکی شناخت کے عمل کو محرم الحرام سے قبل ہی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئیں ہیں تاکہ جرائم کے خلاف انسدادی حکمت عملی کو مربوط اور موثر بنایا جا سکے۔

علاوہ ازیں مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ متذکرہ اقدامات کے دوران پرامن اور قانون پسند شہریوں کو ہراساں نہ کیا جائے ، آئی جی سندھ نے سی آئی ڈی اوراسپیشل برانچ کی کارکردگی جائزہ لیتے ہوئے ہدایات دیں کہ سیکیورٹی لائحہ عمل اورانٹیلی جنس شیئرنگ کے تمام تر اقدامات کو مزید ٹھوس بنایا جائے تاکہ مشکوک سرگرمیوں اورجرائم میں ملوث عناصر کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،انھوں نے کہا کہ نمایاں مقامات پرپولیس تعیناتی، بیٹ کے لحاظ سے ڈیوٹیوں پر تعیناتی جیسے اقدامات سے نا صرف اسٹریٹ کرائمزکی انسدادی کاروائیوں بلکہ دیگر جرائم کیخلاف بھی پولیس کارکردگی میں نمایاں بہتری لائی جائے اور اس سلسلے میں تمام تر اقدامات کو موثر بنانے کیلیے ضرور ی ہے کہ کمیونٹی پولیسنگ کے دائرے کو وسعت دی جائے۔

انھوں نے کہا کہ شہریوں میں صنعتی و تجارتی ایسوسی ایشنز اورصنعتی و تجارتی علاقوں میںکمیونٹی پولیسنگ کے تحت تاجر برادری کے نمائندوں اور پولیس پر مشتمل کمیونٹی پولیسنگ پروجیکٹ کا آغاز کیا جائے اور جن علاقوں میں ایسے پروجیکٹس پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں انہیں مزید موثر بنایا جائے، اس موقع پر ڈی آئی جی سائوتھ نے بتایا کہ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز میں ایک ڈی ایس پی 2 انسپکٹر ، پولیس اہلکاروں اور5 پولیس موبائلوں پر مشتمل پولیس چیمبر لائیژن کمیٹی کام کر رہی ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ مختلف علاقوں میں تھانوں کے لحاظ سے کمیونٹی پولیسنگ کے دیگر 10پرو جیکٹس بھی کام کررہے ہیں جس پر آئی جی سندھ نے کام کے طریقوں اور حاصل ہونے والے نتائج پر مشتمل تفصیلات طلب کرلیں،اجلاس میں ڈی آئی جی سائوتھ نے بتایا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کے تعاون سے اولڈ سٹی ایریا میں بھی ایسے ہی پرو جیکٹس کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں تاجروںکی تمام ایسوسی ایشنز اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے2، دو نمائندوں کو شامل کیا جائے گا جبکہ پروجیکٹ کے جلد آٓغاز کے لیے تاجروں سے رابطہ کیا گیا ہے،۔