شیعہ تنظیموں نے گورنر ہائوس پر دھرنے کا اعلان کردیا

آل سندھ شیعہ کانفرنس میں کراچی و سندھ کی شیعہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت.


Staff Reporter November 04, 2012
محرم پر سیکیورٹی کا انتظام اورکالعدم جماعتوں کے رہنما شہر بدر کیے جائیں. فوٹو: فائل

شیعہ تنظیموں نے9 نومبر سے مطالبات کے حق میں گورنر ہائوس پر تین روزہ دھرنے کا اعلان کردیا۔

ا س بات کا اعلان پاسبان عزا کے تحت انچولی میں منعقدہ آل سندھ شیعہ کانفرنس میں کیا گیا جس کی صدارت ایس ایم حیدر نے کی جبکہ کانفرنس میں کراچی کے علاوہ سندھ بھر کی شیعہ تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں ملت جعفریہ کو درپیش مسائل پر غور و خوص کیا گیا اور شیعہ نوجوانوں کی ٹارگٹ کلنگ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا، کانفرنس سے مولانا مرزا یوسف حسین، مولانا اکرام حسین ترمذی، محمدعلی شاہ، پاشا صدیقی، مولانا صادق رضا تقوی ، علامہ علی کرار نقوی، شبر زیدی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

رہنمائوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین میں کسی قسم کی رکاوٹ کو برداشت نہیں کریں گے گورنر سندھ نے اس سے قبل جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے لہٰذا ہمارے مطالبات کی عدم منظوری پر 9 ، 10 اور 11 نومبر کو گورنر ہائوس پر تین روزہ دھرنا دیا جائے گا اس سلسلے میں کراچی اور سندھ کے تمام اضلاع میں دھرنے کی کال دے دی گئی ہے اجلاس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ محرم الحرام سے قبل سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنائے اور کالعدم جماعتوں کے رہنمائوں کو شہر بدر کیا جائے۔