انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلئے سلمان اورآصف کا دل بھی مچلنے لگا

دونوں نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے کیریبیئن پریمیئرلیگ پلیئرزڈرافٹ میں شمولیت کیلیے درخواستیں بھیج دیں۔


Sports Desk February 03, 2016
کیریبیئن پریمیئرلیگ پلیئرزڈرافٹ میں شمولیت کے خواہاں37 پاکستانیوں میں موجود۔ فوٹو: آن لائن/فائل

اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ سلمان بٹ اور محمد آصف کا دل بھی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلیے مچلنے لگا، دونوں نے پہلا قدم اٹھاتے ہوئے کیریبیئن پریمیئرلیگ پلیئرزڈرافٹ میں شمولیت کیلیے درخواستیں بھیج دیں۔

تفصیلات کے مطابق اسپاٹ فکسنگ میں سزا ختم ہونے کے بعد محمد عامر اب پاکستان کی نمائندگی بھی کر رہے ہیں، البتہ سلمان بٹ اور محمد آصف کی جلد واپسی کا کوئی امکان نظر نہیں آتا، دونوں پی ایس ایل میں بھی شریک نہیں ہو سکے، اس کے باوجود انھوں نے ہمت نہیں ہاری اور اب کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت سے دوبارہ انٹرنیشنل سطح پر ایکشن میں آنے کے خواہشمند ہیں۔

منتظمین کو پلیئرز ڈرافٹ میں شامل کرنے کیلیے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ37 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، ان میں عامر، سلمان اور آصف کے ساتھ دیگر کئی بڑے نام بھی موجود ہیں۔ حتمی فہرست11 فروری کو بارباڈوس میں سامنے آئے گی، ایونٹ میں شمولیت کے خواہاں پاکستانی پلیئرز کے نام یہ ہیں، احسان عادل، شاہد آفریدی، افتخار احمد، سرفراز احمد، سعید اجمل، کامران اکمل، عمر اکمل، فواد عالم، انور علی، اظہر علی، عمرامین، محمد عامر، محمد آصف، حماد اعظم، ذوالفقار بابر، سلمان بٹ، عمران فرحت، محمد حفیظ، محمد عرفان، ناصرجمشید، جنید خان، شاہ زیب حسن خان، شرجیل خان، صہیب مقصود، شعیب ملک، ثقلین مشتاق، رانا نوید الحسن، عبدالرحمان، وہاب ریاض، محمد رضوان، محمد سمیع، اسد شفیق، احمد شہزاد، سہیل تنویر، مصباح الحق، توفیق عمراورعماد وسیم۔ جنوبی افریقہ کی 34 رکنی فہرست میں اسٹار پلیئرز ہاشم آملا، ڈیوڈ ملر، ورنون فلینڈر، مورن مورکل اور عمران طاہر بھی موجود ہیں۔

لیگ منتظمین کے مطابق غیرملکی پلیئرز کی تعداد میں اس مرتبہ 18 فیصد اضافہ دیکھاگیا ہے، ڈائریکٹر آف انٹرنیشنل کرکٹ سابق آسٹریلوی کرکٹر ٹام موڈی اس مرتبہ بڑی تعداد میں مقامی اوردنیا بھرکے پلیئرز کی دلچسپی پر بے انتہاخوش ہیں۔ یاد رہے کہ سی پی ایل جون کے اواخر سے اگست کے اوائل تک جاری رہے گی۔

مقبول خبریں