سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آج سے کلاسوں کا آغازہوگا

زیرتعلیم نوجوان نسل ملک کا سرمایہ ہیں ،وائس چانسلرپروفیسر طارق رفیع


Staff Reporter November 05, 2012
یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر طارق رفیع نے پہلے بیچ میں یونیورسٹی کے طالب علم بننے والوں کومبارکباد دی اورکہا کہ زیرتعلیم نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ فوٹو: فائل

سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آج (پیر) سے باقاعدہ کلاسوںکاآغازکیاجائیگا، گزشتہ روز سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں تعارفی کلاس بھی منعقدکی گئی تھی۔

جس میں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر طارق رفیع نے پہلے بیچ میں یونیورسٹی کے طالب علم بننے والوں کومبارکباد دی اورکہا کہ زیرتعلیم نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں، انھوں نے کہاکہ شعبہ طب کے شعبے سے وابستہ افراد پرسب سے زیادہ ذمے داریاں عائد ہوتی ہیں ، انھوں نے بتایا کہ کراچی میں سندھ میڈیکل کالج کو سندھ میڈیکل یونیورسٹی کا درجہ دینے کے بعد کراچی میں مجموعی طور پر تین میڈیکل یونیورسٹیاں ہوگئیں۔

ان میں ڈاؤمیڈیکل یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، سندھ میڈیکل یونیورسٹی اور شہیدبے نظیر بھٹو لیاری میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں، انھوں نے بتایا کہ یکم جون کو صدرمملکت آصف علی زرداری نے سندھ میڈیکل یونیورسٹی کاآرڈیننس جاری کیا اور29جون کو گورنر سندھ نے پروفیسر طارق رفیع کویونیورسٹی کا پہلا وائس چانسلر نامزدکیا ہے۔