پی سی بی کو5 برس بعد بائیو میکینکس لیب بنانے کا خیال آگیا

اس لیب سے ماہرین بولرز کے ایکشن کا 2ڈی تجزیہ کرپائیں گے


Sports Desk November 05, 2012
سابق چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف کے دور میں منگوایا گیا ساڑھے چار کروڑ روپے کا سامان اب تک بیکار پڑا ہوا تھا۔ فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ کو 5 برس بعد بائیومکینکس آلات کو استعمال کرنے کا خیال آہی گیا۔

سابق چیئرمین پی سی بی نسیم اشرف کے دور میں منگوایا گیا ساڑھے چار کروڑ روپے کا سامان اب تک بیکار پڑا ہوا تھا، لیب قائم ہونے سے پہلے پی سی بی نے ایک خاتون ماہر سے بات چیت بھی شروع کردی ہے۔ نسیم اشرف کے دور میں منگوائے گئے بائیومیکینکل آلات میں 18 کیمرے اور دیگر سپورٹنگ آپریٹس اور متعلقہ سافٹ ویئرز شامل تھے۔

ان آلات کی تنصیب دسمبر 2008 میں مکمل ہونی تھی مگر اعجازبٹ نے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد آڈٹ رپورٹ میں مالی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہونے پر منصوبے پر عملدرآمد روک دیا تھا مگر اب پی سی بی نے اس کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا فیصلہ کرلیا اور دلچسپ بات یہ ہے کہ لیب تیار ہونے سے قبل آسٹریا میں پی ایچ ڈی کرنے والی ایک خاتون ماہر کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بات چیت بھی شروع کردی گئی ہے، بورڈ ڈائریکٹر اکیڈمیز انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ ہم جلد ہی مذکورہ خاتون کے ساتھ معاہدے پر پہنچ جائیں گے جس کے بعد لیب کی تیاری پر کام شروع ہوجائے گا۔ واضح رہے کہ اس لیب سے ماہرین بولرز کے ایکشن کا 2ڈی تجزیہ کرپائیں گے، جس سے نئے بولرز کے ایکشن میںنقائص کی آغاز میں ہی نشاندہی کے بعد اس کو درست کرنے کی کوشش کی جائے گی۔