ہاکی چیمپئنز ٹرافی قومی ٹیم میں تبدیلیوں کا وقت نہیں کوچ

کیمپ میں فارم اور فٹنس کی بنیاد پر پلیئرز منتخب کریں گے ، حنیف خان


Sports Reporter November 05, 2012
وسیم احمد کو ریٹائرمنٹ کے بعد واپس بلانا مضحکہ خیز ہے، سمیع اللہ فوٹو : فائل

قومی ہاکی ٹیم کے کوچ حنیف خان نے کہاکہ ٹیم مینجمنٹ کے پاس فوری طور پر زیادہ تبدیلیوں کے لیے وقت نہیں ۔

22سے25نومبر تک ٹیم کو پرتھ میں9 اے سائیڈ ٹورنامنٹ کھیلنا ہے، جس کے بعد پریکٹس میچ بھی متوقع ہیں، یکم سے 9 دسمبر تک میلبورن ایونٹ کے بعد ایشین چیمپئنز ٹرافی ہوگی، اولمپکس میں کھیلنے والے پلیئرزکو ہی کیمپ میں بلائیں گے، سینئر جونیئر کے چکرمیں پڑنے کے بجائے کیمپ میں فارم اور فٹنس کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لے کر اسکواڈ منتخب کیا جائے گا، تاہم بتدریج نوجوان کھلاڑیوں کی اسکواڈ میں شمولیت کے فیصلے بھی ہوتے رہیں گے تاکہ ورلڈکپ 2014 کے لیے ایسی ٹیم تیار کر سکیں جو وکٹری اسٹینڈ پر جگہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہو۔

چیمپئنز ٹرافی میں بہتر سے بہتر نتائج دینے کے لیے سخت محنت کریں گے مگر ایشیا کی سطح پر سر فہرست آنا پہلا ہدف ہو گا۔اولمپئن سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں اچھے نتائج کے زیادہ امکانات نظر نہیں آ رہے ، موجودہ صورتحال میں نوجوان کھلاڑیوں کو بڑے ٹورنامنٹس میں شرکت کا تجربہ دلانا ہی مستقبل کی تیاریوں کے لیے سود مند ہوتا۔ انھوں نے سلیکشن کمیٹی ختم کرنے کے فیصلے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ چند انتظامی تبدیلیوں سے ثابت کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ کھیل کی بہتری کے لیے بڑی فکر مندی سے کام ہو رہا ہے لیکن اس اقدامات سے کوئی فرق نہیں پڑنے والا،سب سے مضحکہ خیز انتخاب وسیم احمد کا ہے جنھیں ریٹائرمنٹ کے بعد بھی واپس بلا لیاگیا۔