کلفٹن سیاہ شیشوں فینسی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈائون شروع

پولیس نے سیاہ شیشوں ، فینسی ، بغیر نمبر پلیٹ اورAFR نمبر والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن شروع کر دیا.


Staff Reporter November 05, 2012
پولیس نے سیاہ شیشوں ، فینسی ، بغیر نمبر پلیٹ اورAFR نمبر والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن شروع کر دیا. فوٹو: فائل

سپریم کورٹ کے حکم پر ایس ایس پی کلفٹن کی ہدایت پر پولیس نے سیاہ شیشوں ، فینسی ، بغیر نمبر پلیٹ اورAFR نمبر والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن آپریشن شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر ایس ایس پی کلفٹن جاوید مہر نے کلفٹن ٹاؤن کے تھانوں ڈیفنس ، درخشاں ، گزری ، کلفٹن اور بوٹ بیسن تھانوں کے ایس ایچ اوز کو حکم دیا کہ وہ فوری طور پر اپنے اپنے علاقوں میں چیکنگ کے دوران سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کو روک کر ان کے شیشوں سے سیاہ پنیاں اتار دیں اور گاڑی کے مالک کا چالان کیا جائے۔

فیسنی نمبر پلیٹ والی گاڑیوں کی نمبر پلیٹ ضبط کر کے گاڑیوں کے مالکان کو اصل سرکاری نمبر پلیٹ لگانے کی ہدایت کر کے ان کے خلاف بھاری چالان کیا جائے ، بغیر نمبر پلیٹ اورAFR نمبر والی گاڑیوں کو فوری طور پر ضبط کر لیا جائے اور گاڑی کے اصل کاغذات اور رجسٹریشن بک چیک کیے بغیر گاڑی مالک کے حوالے نہیں کی جائے ، گزشتہ روز کلفٹن ٹاؤن کی پولیس نے100سے زائد سیاہ شیشوں والی گاڑیوں کے مالکان کے خلاف چالان کیا اور شیشوں سے پنیاں اتاریں جبکہ بغیر رجسٹریشن کے متعدد گاڑیوں کو فوری طور پر کاغذات پیش نہ کرنے پر ضبط کر لیں ۔