کراچی میں جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا امتیازآپریشن کیا جائے

پیرول پر رہا دہشت گردوں کی سیاسی وابستگی سے عوام کو آگاہ کیا جائے،شاہی سید.


Staff Reporter November 05, 2012
قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی جانب سے نوگو ایریاز کے وجود سے انکار افسوسناک ہے . فوٹو: فائل

KARACHI: عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر وسینیٹر شاہی سید نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پیرول پر رہا ہونے والے35دہشت گردوں کے نام اور ان کی سیاسی وابستگی کے بارے میں عوام کو آگا ہ کیا جائے اور انھیں کن شخصیات کی ضمانت پر پے رول پر رہا کیا گیا۔

ان کے نام بھی منظر عام پر لائیںجائیں،کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیازسخت ترین آپریشن کیا جائے،وہ اتوار کو اپنی رہائش گاہ مردان ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے،انھوںنے کہاکہ موجودہ حالات میں خصوصاً 4 سال کے دوران کتنے لوگوں کو پیرول پر رہا کیا گیا جو کہ ایک اطلاع کے مطابق تقریبا ساڑھے چار ہزار افراد ہیں اس کے بارے میں بھی آگاہ کیا جائے اور اس پیرول کی اجازت دینے والے سرکاری ا فسران کے خلاف سخت ترین کاروائی کی جائے،شاہی سید نے کہا کہ کراچی بدامنی کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ کا عبوری فیصلہ کراچی کی انتہائی دردناک صورتحال کا آئینہ دار ہے۔

اس کیس میں ریاستی اداروں کے حکام کی جانب سے مصلحت پسندی پر مبنی رپورٹ پیش کرنے اور جج صاحبان کو حقائق سے آگاہ نہ کرنے کی شدید مذمت کرتے ہیں،انھوںنے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے شہر میں کسی بھی نوگو ایریاز کے وجود سے انکار انتہائی افسوسناک ہے،موجودہ سندھ حکومت قیام امن میں قطعی طور پر غیر سنجیدہ اورمسلسل مصلحت پسندی کا شکار ہے یا مفاہمتی پالیسی نے اس کو اس نہج پر پہنچادیا ہے،شاہی سید نے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ اگر وہ خود کچھ نہیں کرسکتے تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد ہی کرادیں۔