عدالت میں اغوا و قتل کے 3 ملزمان شناخت کرلیے گئے

جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کو شناخت کے بعد دوبارہ پولیس تحویل میں دیدیا۔


Staff Reporter November 06, 2012
جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کو شناخت کے بعد دوبارہ پولیس تحویل میں دیدیا. فوٹو: فائل

عدالت میں اغوا برائے تاوان اور قتل کے الزام میں ملوث 3 ملزمان کو شناخت کرلیا گیا، ملزمان نے تاوان کی رقم وصول کرلی تھی لیکن مغوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردیے تھے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کو اغوا برائے تاوان اور قتل کے الزامات میں گرفتار وسیم عرف دانش ، مہتاب قادری اور اقبال قادری کو شناختی پریڈ کیلیے جوڈیشل مجسٹریٹ غربی صدرالدین بوہیو کے روبرو پیش کیا تھا، پبلک پراسیکیوٹر سید شمیم احمد نے عدالت کو بتایا کہ استغاثہ کے دو چشم دید گواہوں کو نوٹس جاری کیے تھے جو عدالت میں موجود ہیں اس موقع پر مدعی محمد صادق جمال نے ملزم وسیم عرف دانش کو شناخت کیا اور بتایا کہ عدالت میں موجود وہ ہی ملزم ہے جس نے اس سے تاوان کی رقم وصول کی تھی جبکہ چشم دید گواہ محمد اقبال نے عدالت کو بتایا کہ اسی ملزم کو رقم اس کی موجودگی میں دی گئی تھی ۔

دوسرے ملزم اقبال قادری کو شناخت کے بعد گواہوں نے عدالت کو بتایا کہ رقم وصول کرنے والا ملزم عدالت میں موجود ملزم کی موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ مہتاب قادری کو شناخت اور اپنی موٹر سائیکل پر ان دونوں ملزمان کو واچ کررہا تھا جو کہ جائے وقوع پر موجود تھا فاضل عدالت نے تینوں ملزمان کی شناخت پریڈ کے بعد دوبارہ پولیس کی تحویل میں دیدیا ہے استغاثہ کے مطابق ملزمان پر الزام ہے انھوں نے پاکستان بازار کے قریب واقع سی این جی پمپ کے مالک صادق جمال کے بیٹے الحمد جمال کو اغوا کیا تھا اور 3لاکھ تاوان وصول کرنے کے باوجود مغوی کو قتل کے بعد لاش کے ٹکرے کردیے تھے۔