سرکاری اسکولوں میں غیر معیاری تعلیم اور تعمیر کسی صورت برداشت نہیں وزیراعظم

آئندہ دو سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک February 19, 2016
ملک کے حالات قدرے بہتر ہو چکے ہیں اور دہشت گردی بہت کم ہو چکی ہے، وزیراعظم۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سرکاری اسکولوں میں غیر معیاری تعمیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

اسلام آباد کے ایف ایٹ تھری ایریا میں آذان خان شہید اسکول میں مونٹسیری کلاسز کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں کی تعمیر و ترقی اور پڑھائی کے معیار کو بہتر کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، سرکاری اسکولوں میں غیر معیاری تعمیر کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، اسکول کا باسکٹ بال کورٹ معیاری نہیں ہے جب کہ سیڑھیاں بہت پھسلن والی ہیں جس سے بچوں کے زخمی ہونے کا خطرہ ہے، فوری طور پر انھیں ٹھیک کیا جائے اور جو رقم مختص کی گئی تھی اسی میں اسے ٹھیک کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ بچے ہی اس ملک کا مستقبل اور سرمایہ ہیں اور انھی میں سے کسی نے ملک کا وزیراعظم بننا ہے اور اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ جب ملک کی باگ دوڑ سنبھالی تو ملک کو دہشت گردی کا سامنا تھا، ہم نے آپریشن شروع کیا جو کامیابی کے ساتھ جاری ہے، آج ملک کے حالات قدرے بہتر ہو چکے ہیں اور دہشت گردی بہت کم ہو چکی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے ہر طرف اندھیرا تھا اور 20، 20 گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب لوڈ شیڈنگ بہت کم ہو چکی ہے اور آئندہ دو سالوں میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر دیں گے۔

سرکاری اسکول کے دورے کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے بچوں سے سوال بھی پوچھے اور ان سے اسکول میں تعلیم کے معیار اور صفائی ستھرائی سے متعلق بھی پوچھا۔ وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری سے سرکاری اسکولوں کی سیکیورٹی اور تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی کی۔

مقبول خبریں