جیل چورنگی فلائی اوور کا بقیہ کام جلد شروع ہوگا محمد حسین سید

ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کا گورا قبرستان اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ۔


Staff Reporter November 07, 2012
ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کا گورا قبرستان اور شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ۔ فوٹو: فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کہا ہے کہ جیل چورنگی فلائی اوور کے باقی ماندہ حصے کی تعمیر کا کام جیل کی حدود میں بننے والے فلیٹوں کی تعمیر کے فوری بعد شروع کردیا جائے گا۔

یہ فلیٹ تکمیل کے مراحل میں ہیں اور اگلے 20 روز کے اندر پل کے حصے میں آنے والے جیل کے عملے کے گھروں کے مکینوں کی منتقلی کا عمل شروع کردیا جائے گا جبکہ تاریخی گورا قبرستان کے تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کیا جائے یہ بات انھوں نے شہر میں جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے کہی، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز الطاف جی میمن،سینئر ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن محمد اطہر، ڈائریکٹر مشین پول نعمان ارشد، چیف آفیسر گلشن ٹائون شفیق الرحمن، پروجیکٹ انجینئر تنویر احمد اور دوسرے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے انھوں نے کہا کہ جیل چورنگی کے لوپ کے اندر آنے والے فلیٹوں کے خالی کرنے اور مسمار کرنے میں پانچ ہفتے درکار ہوں گے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اس کے فوری بعد جیل چورنگی سے یونیورسٹی روڈ کی طرف مڑنے والے لوپ کی تعمیر کا کام شروع کردیا جائے گا قبل ازیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر محمد حسین سید نے کراچی کے تاریخی گورا قبرستان کا دورہ کیا اور وہاں کیے جانے والے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کراچی کا دو سو سال پرانا قبرستان ہے انھوں نے کہا کہ یہاں کے گورکن اور اسٹاف کیلیے 4 کوارٹرز اور باقاعدہ دفاتر قائم کیے گئے ہیں تاکہ قبرستان کا عملہ ہمہ وقت یہاں موجود رہے۔