پاکستان نے ستمبر میں بھارت سے سیریز کی اُمیدیں باندھ لیں

یواے ای، سری لنکا یا بنگلہ دیش کس وینیو پر میزبانی کا موقع دیتے ہیں گیند حریف بورڈ کے کورٹ میں ہے، نجم سیٹھی


Sports Reporter February 27, 2016
 پی ایس ایل کا انعقاد ملک میں کرکٹ کی واپسی کیلیے ویزے کا کام کرے گا،جلد کامن ویلتھ ٹیم میچ کھیلنے کیلیے آئے گی ۔ فوٹو : فائل

پی سی بی نے ستمبر میںبھارت سے سیریز کی امیدیں باندھ لیں،ایگزیکٹیوکمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ اب گیند حریف کے کورٹ میں ہے کہ وہ یواے ای، سری لنکا یا بنگلہ دیش کس وینیو پرہمیں میزبانی کا موقع دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ ہماری 2سیریز بی سی سی آئی پر قرض ہیں، اب گیند ان کے کورٹ میں ہے کہ وہ یواے ای، سری لنکا یا بنگلہ دیش کس وینیو پرہمیں میزبانی کا موقع دیتے ہیں، یہ سیریز ہماری اور اس کی آمدنی پر بھی ہمارا حق ہوگا۔

امید ہے کہ ستمبر میں انعقاد ہوجائے گا۔ انھوں نے کہاکہ پی ایس ایل کے انعقاد کیلیے ہمیں بہت چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا لیکن سب کی انتھک محنت سے یہ میلہ سجانے میں کامیاب رہے،انھوں نے کہا کہ یہ نوجوانوں کھلاڑیوں کیلیے بہترین ایونٹ تھا جس نے پورے ملک میں نیا جذبہ پیدا کردیا، فرنچائز ٹیموں کے میچز میں پاک بھارت میچز جتنا جوش دیکھا گیا۔

دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت پہلو اجاگر ہوا، پی ایس ایل کا انعقاد ملک میں کرکٹ کی واپسی کیلیے ویزے کا کام کرے گا اور جلد کامن ویلتھ ٹیم میچ کھیلنے کیلیے پاکستان آئے گی۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ جائلز کلارک سے کامن ویلتھ ٹیم پاکستان لانے پر بات ہوئی تو ماضی کے برعکس انھوں نے نیم رضامندی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ''پیسے کتنے دینگے ؟'' حالانکہ اس سے قبل وہ سیکیورٹی اور دیگر مسائل کا عذر پیش کیا کرتے تھے، ویسٹ انڈیزکے ڈیوائن براوو سے بھی ویسٹ انڈین ٹیم پاکستان لانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور انھوں نے بھی مثبت جواب دیا۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم نے لیگ کو کامیاب بنانے اور شفافیت برقرار رکھنے کیلیے سخت سیکیورٹی انتظامات کرنے کے ساتھ مالی معاملات میں بھی کھلاڑیوں کو شکایت کا موقع فراہم نہیں کیا،کچھ لیگز میں کھلاڑیوں کو طے شدہ معاہدے کے مطابق پوری رقم کی ادائیگی میں مسئلے ہوتے تھے لیکن ہم نے خود جا کر ان کے ہاتھوں میں پیسے دیے۔

انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل فرنچائزز کی صورت میں 5اثاثے بنا لیے، ان کی قدر پہلے ہی سو گنا بڑھ چکی اور آگے چل کر مزید 3بھی بنائیں گے،کراچی اور لاہور کے حکام زور دے رہے ہیں کہ پی سی بی غیرملکی ملکی کرکٹرز کو بلائے تو وہ فول پروف سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے، ڈین جونز اور کیون پیٹرسن بھی تعاون کرنے کیلیے تیار ہیں،انھوں نے کہا کہ آرمی اور حکومت ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے بہترین کوشش کررہے ہیں، امید ہے کہ حالات مزید اچھے ہونگے، آئندہ ایڈیشن کے 2میچز پاکستان میں بھی کرائینگے۔