بنگلا دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبورن رینیگیڈز کا حصہ بن گئے

یہ مستفیض الرحمان کی پہلی بگ بیش لیگ ہوگی


ویب ڈیسک November 04, 2026

بنگلا دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو بگ بیش لیگ (بی بی ایل) کے 16ویں سیزن کے لیے میلبورن رینیگیڈز نے سائن کرلیا ہے۔ یہ مستفیض الرحمان کی پہلی بگ بیش لیگ ہوگی۔

31 سالہ بولر اب تک ٹی 20 فرنچائز کرکٹ کے 331 میچز میں 423 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ رینیگیڈز نے انہیں انجری کے باعث آئندہ سیزن سے باہر ہونے والے فاسٹ بولر جیسن بہرینڈورف کے متبادل کے طور پر ٹیم میں شامل کیا ہے۔

مستفیض الرحمان انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 میں پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث رینیگیڈز کے ابتدائی میچ میں پرتھ اسکارچرز کے خلاف دستیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے پہلی مرتبہ بی بی ایل کھیلنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایم سی جی کو اپنا ہوم گراؤنڈ بنانے اور نئے ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے منتظر ہیں۔

میلبورن رینیگیڈز کے ہیڈ کوچ لیوک رونکی نے مستفیض کو ٹی 20 کرکٹ کا میچ ونر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاور پلے اور آخری اوورز میں وکٹیں لینے کی ان کی صلاحیت ٹیم کے بولنگ اٹیک کو مضبوط بنائے گی۔

بگ بیش لیگ کا آغاز 12 دسمبر کو میلبورن رینیگیڈز اور پرتھ اسکارچرز کے درمیان میچ سے ہوگا جو پہلی مرتبہ بھارت کے شہر چنئی میں کھیلا جائے گا۔ 44 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا فائنل 26 جنوری کو شیڈول ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر ریزرو ڈے بھی رکھا گیا ہے۔