پاکستان کو لگاتار 4 بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کی میزبانی مل گئی

4 لاکھ 39 ہزارڈالرز کی مجموعی انعامی رقم کے ان ٹورنامنٹس میں دنیا کے معروف کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے


زبیر نذیر خان November 04, 2026

پاکستان میں انٹرنیشنل اسکواش کے دروازے کھل گئے، اسلام آباد میں جاری ایشین ٹیم اسکواش چیمپین شپ کے بعد پاکستان لگاتار 4 بین الاقوامی اسکواش مقابلوں کی میزبانی کرے گا، 4 لاکھ 39 ہزارڈالرز کی مجموعی انعامی رقم کے ان انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں دنیا کے معروف مرد اور خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے، ان مقابلوں  کی بدولت مقامی کھلاڑیوں میں بھی جوش، لگن اور جذبہ پیدا ہونے کے ساتھ اعتماد میں اضافہ ہوگا جبکہ عالمی کھلاڑیوں کی پاکستان آمد سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا مثبت تاثر ابھر کر سامنے آئے گا جس سے اسکواش اور دیگر کھیلوں کی بحالی اور ترقی میں مدد ملے گی۔

 تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں شروع ہونے والی ایشین ٹیم چیمپین شپ میں ایشین اسکواش فیڈریشن کے رکن ممالک کے مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے اپنی صلاحیتوں کا آغاز کر دیا ہے، اس کے ساتھ ہی پروفیشنل اسکواش ایسوسی ایشن کے سالانہ کیلنڈر میں شامل 4 مقابلوں کی میزبانی پاکستان کرے گا،مجموعی طور پر4 لاکھ 39 ہزارڈالرز کی انعامی رقم کے ان ٹورنامنٹس میں 3  کا انعقاد کراچی میں ہوگا۔

سلور کیٹگری کی چیف آف ایئراسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپین شپ 2026 اسلام آباد میں 24 سے 28 نومبر تک کھیلی جائے گی، 40 ہزارڈالرز کی چیمپین شپ میں مینز ایونٹ کے مقابلے ہوں گے، اسکواش کی نئی انٹرنیشنل رینکنگ میں 3 درجہ ترقی کے بعد 25 ویں پوزیشن پر براجمان ہونے والے پاکستان کے عالمی انڈر23 چیمپئین نور زمان ٹاپ سیڈ ہوں گے، جبکہ پاکستان ہی کے عالمی نمبر اشعب عرفان کو سیڈ4 قرار دیا گیا ہے،اشعب عرفان کی نئی رینکنگ میں 7 درجہ بہتری آئی ہے۔

 عالمی رینکنگ میں 68 ویں نمبر پر پہنچ جانے والے محمد عاصم خان سیڈ7 ہوں گے، چیمپئین شپ میں پاکستان کے ناصراقبال بھی ایکشن میں ہوں گے، کراچی میں کھیلے جانے والے 3 لاکھ 99ہزار ڈالرز کی انعامی رقم کے 3انٹرنیشنل مقابلوں کا آغاز 18 ہزار ڈالرز کی چیف آف نیول اسٹاف چیمپین شپ سے ہوگا۔

یکم تا 5 دسمبر پی این  روشن خان،جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں شیڈول چیمپین شپ میں ایک ہزار ڈالرز کا ویمن پی ایس اے ایونٹ بھی شامل ہوگا،6 سے 10 دسمبر تک سندھ اوپن انٹرنیشنل اسکواش چیمپین شپ کریک کلب میں طے ہے،  چیمپئین شپ میں واحد پاکستانی کھلاڑی نور زمان ہوں گے، عالمی نمبر 17 مصر کے یوسف سلمان ٹاپ سیڈ قرار پائے ہیں ،  ویمن ایونٹ میں  مصر ہی کی عالمی 14 سلمہ ہانی ٹاپ سیڈ اور ان کی ہم وط  عالمی نمبر 19 ندا عباس سیڈ 2 ہوں گی،ایک لاکھ 30ہزار ڈالرز کی چیمپین شپ میں مینز اور ویمن ایونٹ میں مساوی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

 برانز کیٹگری کی چیمپین شپ کے بعد 5 سے 10 جنوری 2027 تک گولڈ کیٹگری کی کراچی اوپن چیمپین شپ میں ڈھائی لاکھ ڈالرز کی پرکشش انعامی رقم رکھی گئی ہے، مینز ایونٹ میں ایک لاکھ 25 ہزار ڈالرز کا انعام ہے جبکہ اتنی رقم ویمن ایونٹ میں شریک 32 کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔