قائداعظم ٹرافی: بابر اعظم کو مبینہ طور پر غلط کیچ آؤٹ قرار دینے کی ویڈیو وائرل

کرکٹ شائقین کی جانب سے امپائرنگ پر تنقید کی جارہی ہے


ویب ڈیسک November 04, 2026

قائداعظم ٹرافی میں قومی ٹیسٹ کپتان بابر اعظم کو مبینہ طور پر غلط کیچ آؤٹ قرار دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس پر کرکٹ شائقین کی جانب سے امپائرنگ پر تنقید کی جارہی ہے۔

لاہور وائٹس کی نمائندگی کرتے ہوئے بابر اعظم فاٹا کے خلاف 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لاہور وائٹس کے 120 رنز پر 3 کھلاڑی آؤٹ تھے اور بابر کریز پر موجود تھے۔ فاسٹ بولر آفاق کی گیند بظاہر بیٹ سے لگے بغیر وکٹ کیپر کے گلوز میں گئی، تاہم اپیل پر امپائر نے انہیں آؤٹ قرار دے دیا۔

قومی ٹیسٹ کپتان کی فارم بھی تاحال بحال نہیں ہوسکی۔ اس سے قبل پریذیڈنٹ ٹرافی میں بھی وہ بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے تھے۔

دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ڈبل سنچری اسکور کرلی ہے۔